زائچہ گھر۔۔مخفی علوم سے علاج
بیٹی پر سیاروں کی بندش
ن (راولپنڈی)
سوال: میں اپنی بیٹی کی شادی کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں، اس کے لئے بہت سے رشتے آتے ہیں مگر پھر جواب نہیں دیتے۔ اس کے علاوہ اس کی ملازمت کا بھی مسئلہ ہے۔ آپ زائچوں کی روشنی میں بتائیں کہ یہ دونوں مسئلے کب تک حل ہو جائیں گے، اور اس کی شادی کے بعد کی زندگی کیسی گزرے گی؟
جواب: ستاروں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق آپ کی بیٹی بندش اور نحوست سیارگان کا شکار ہے۔ حالات میں بہتری 2018ءکے بعد آئے گی، بیٹی کا صدقہ دیں۔ منگل کے روز بڑے گوشت اور بدھ کے روز کالے لونگ اور سفید مرغ کا صدقہ دیں۔ سعد پتھر: زمرد پہنیں اور رد نحوست کا وظیفہ ہر نماز کے بعد پڑھیں۔ طرز رہائش یا جائے رہائش تبدیل کر لیں۔ ”یا مالک یا قدوس“ کا ورد 121 مرتبہ کریں۔ انشاءاللہ بہتری ہو گی۔
منگلیش کا اسلامی روحانی علاج
فائزہ شبیر
سوال: آپ نے مجھے بتایا کہ میں منگلیش ہوں۔ آپ نے یہ بھی بتایا کہ اسلامی طریقے سے اس کا توڑ کیا جا سکتا ہے۔ مہربانی فرما کر آپ مجھ یہ بتائیں کہ اس کا کیا طریقہ ہے اور موازنی زائچہ متعلق بھی بتائیں۔ اس کی مدت کب سے کب تک کی ہے؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں منگلیش کا توڑ منگلیش ہی ہوتا ہے۔ یعنی ایسے منگلیش کی شادی اگر منگلیش سے ہو جائے گی تو منگلیش اثرات ختم ہو جاتے ہیں۔ لہٰذا شادی سے پہلے لڑکا اور لڑکی کا موازنی زائچہ بنایا جاتا ہے تاکہ منگلیشی پن اور طالع کے مابین موافقت کو دیکھا جا سکے اور وقت سے پہلے یا کوئی منفی اثرات آنے سے پہلے منگلیشی کنڈلی کا حل کیا جائے۔ اسلامی طریقہ کے لحاظ سے منگلیشی لوگوں کو منگل کے روز بڑے گوشت کا صدقہ دینا چاہیے، رد نحوست کا وظیفہ پڑھنا چاہیے۔ لوح زہرہ بنوائیں۔ نکاح کا سعد وقت اور دن مقرر کرنا چاہیے۔ خصوصاً قمر اور عقرب سے بچنا چاہیے۔ نکاح سے پہلے لڑکا لڑکی کو سرخ مرغ یا سرخ بکرے کا صدقہ دینا چاہیے۔ کوشش کرنی چاہیے کہ شادی 30 سال کی عمر کے بعد ہو۔ یہ تمام معاملات منگلیشی اثرات کو ختم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ زوجین کو ذہنی اور نفسیاتی طور پر بھی تیار ہونا چاہیے کہ اگر وہ منگلیشی ہیں تو ازدواجی تعلقات میں کسی قسم کی غلط فہمی پیدا ہونے سے بچیں۔ ان تمام معاملات سے انشاءاللہ بہتری ہو گی۔
ازدواجی زندگی کیسے ہوگی؟
ارم حبیب (فیروزوالہ)
سوال: میری شادی کب اور کہاں ہو گی، ازدواجی زندگی کیسی گزرے گی؟ نام کا پہلا حرف بھی بتا دیں۔
جواب: آپ کی شادی میں ابھی دیر ہے، آپ کی شادی اپنوں میں ہو گی۔ ازدواجی زندگی میں ملے جلے اثرات ہے۔ نام کا پہلا حرف م، ح ہو سکتا ہے۔
صلح یا فیصلہ۔۔۔کیا کروں؟
سلمیٰ (تلہ کنگ)
سوال: میرے دو بچے ہو چکے ہیں لیکن میں گھریلو جھگڑوں سے بہت تنگ ہوں۔ یہ تمام جھگڑے شوہر کے بہن بھائیوں کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ یہ لوگ مجھے چین سے زندگی بسر کرنے نہیں دیتے۔ پہلے بھی دو سال میکے میں رہنے کے بعد صلح ہوئی تھی اب پھر وہی صورتحال ہے۔ اب پھر میکے میں ہوں۔ مجھے بتا دیں کہ کیا صلح ہو جائے گی یا فیصلہ اور میرے حالات کب تک ٹھیک ہوں گے؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق موجودہ حالات میں بہتری 2018ءکے بعد ممکن ہے، لڑائی جھگڑے سے پرہیز کریں۔ اپنا غصہ یا ذہنی انتشار کسی پر ظاہر نہ کریں۔ حالات کو صبرو تحمل سے برداشت کریں۔ مالی طور پر خود کو مضبوط کریں، اس کے لئے آپ کوئی ہنر بھی سیکھ لیں تاکہ برے وقت میں اس کے ذریعہ اپنا اور اپنے بچوں کو پیٹ پال سکیں۔ پریشانی دور کرنے کے لئے نماز تہجد کے بعد نماز حاجت ادا کریں۔ انشاءاللہ بہتری ہو گی۔
جب نیپچون اور عطاردکا ملاپ ہوتا ہے
اسلم علی (ملتان)
سوال: میں بہت عرصے سے ڈپریشن کا مریض ہوں۔ کوئی مسئلہ یا پریشانی ہو تو ہاتھ پاﺅں پھول جاتے ہیں، خود اعتمادی نہیں ہے۔ تعلیمی میدان اور روزمرہ زندگی کے معاملات میں بری طرح ناکام ہوں۔ براہ مہربانی میرا زائچہ دیکھ کر بتائیں کہ میرے ساتھ ایسا کیوں ہو رہا ہے اور کوئی روحانی حل بھی بتا دیں تاکہ میرا مسئلہ حل ہو جائے۔
جواب: آپ کے زائچہ پیدائش کے مطابق نیپچون اور عطارد کی حالت نحس ہے۔ نیپچون اور عطارد کی حالت میں کمزوری کے باعث انسان ذہنی اور نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہو جاتا ہے۔ ان میں سے ڈپریشن بھی ایک بیماری ہے۔ اب آپ کے مسئلے کی تشخیص ہو چکی ہے۔ دماغی ترقی کے لئے آپ لوح عطارد بنوا کر پاس رکھیں۔ منگل اور بدھ کے روز صدقات دیں۔ موافق نگینہ زمرد پہنیں۔ ”یا علیم“ کا ورد کثرت کے ساتھ کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ روحانی اور میڈیکل علاج دونوں کرائیں۔ انشاءاللہ بہتری ہو گی۔
گھریلو جھگڑے
عاصمہ علی (کراچی)
سوال: ہم تین بہن بھائی ہیں مگر ہماری آپس میں بنتی نہیں ہے۔ ہر وقت آپس میں لڑائی جھگڑا رہتا ہے۔ اس وجہ سے ہمارے گھر میں پریشانی بھی رہتی ہے۔ آپ مہربانی فرما کر یہ بتائیں کہ یہ مسئلہ کب حل ہو گا؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں آپ کے زائچہ کے مطابق طالع پیدائش برج حمل عقرب اور برج اسد ہے۔ جس کی وجہ سے طالع میں موافقت کم ہے۔ مزید آپ کے گھر کا نمبر بھی نحس ہے جو کہ زحل کا عدد ہے۔ آپ کے گھر میں جادو کے نحس اثرات بھی نظر آرہے ہیں اس وجہ سے گھریلو ماحول میں لڑائی جھگڑا اور پریشانی نظر آتی ہے۔ آپ اس کا روحانی تدارک کرائیں، صدقات دیں، روحانی تدبیر اختیار کریں۔ انشاءاللہ بہتری ہو گی۔
سفر اور قانونی مشکلات
خرم حمید (اسلام آباد)
سوال: میں نے آسٹریلیا کے ویزے کے لئے درخواست دے رکھی تھی لیکن میرا ویزہ مسترد ہو گیا ہے۔ آپ مہربانی فرما کر زائچوں کی روشنی میں یہ بتائیں کہ میں کب تک بیرون ملک جا سکوں گا، اگر کوئی رکاوٹ ہے تو اس کا روحانی تدارک بھی بتا دیں۔
جواب: آپ کے زائچہ کے نویں گھر میں زحل کی موجودگی سفر میں مشکلات کو ظاہر کر رہی ہے۔ روحانی تدبیر اختیار کرنے سے مطلوبہ مقاصد میں آپ کو کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔ آپ کے لئے بیرون ملک کا سفر 2018ءکے بعد بہتر رہے گا۔ اس وقت تک مطلوبہ قانونی شرائط پوری کریں اور غیر قانونی ہتھکنڈوں سے گریز کریں۔ جعلی دستاویز یا منفی ذریعہ ہمیشہ کے لئے پابندی یا مسائل پیدا کر سکتا ہے، محتاط رہیں۔ اپنا مبارک پتھر: یاقوت پہنیں اور جمعہ کے روز چرند پرند کو ملا جلا اجناس ڈالیں، انشاءاللہ بہتری ہو گی۔
۔۔۔
( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔
اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )