داتا دربار کے باہر دھماکے کیخلاف 2مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

داتا دربار کے باہر دھماکے کیخلاف 2مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور(پ ر) تحریک انصاف نے داتا دربار کے باہر ہونے والے دھماکے کے خلاف 2مذمتی قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دیں۔اراکین پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ اور سعدیہ سہیل رانا کی طرف سے جمع کروائی گئیں قرار دادوں کے متن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان حضرت علی ہجویری رحم اللہ علیہ المعروف داتا صاحب کے مزار کے باہر ہونے والے بم دھماکے کی پرزور مذمت کرتا ہے، شہید ہونے والے شہریوں اور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتا ہے۔

،اللہ تعالی سے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہے۔متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ داتا صاحب کے مزار کے گیٹ پر دہشت گردی کا حملہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ کے مترادف ہے، یہ ایوان پاکستان کو نقصان پہنچانے والی ہر کارروائی کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان دعا گو ہے کہ ہماری فورسز پاکستان سے دہشتگردوں کا قلع قمع کرتے ہوئے دہشتگری کے ناسور کا جلد از جلد خاتمہ کریں گی۔متن میں مزید کہا گیا ہے کہ داتا دربار کو دوسری دفعہ نشانہ بنا کر دہشت گرد اپنے مزموم ارادوں کی تکمیل چاہتے ہیں اس مقدس ایوان کی قوم سے اپیل ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں تاکہ دشمن اپنے مکروہ ارادوں میں کامیاب نہ ہو پائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1