پاکستان علماء کونسل کی خودکش دھماکہ کی شدید مذمت، شہدا کے ورثا ء سے اظہار افسوس
لاہور (نمائندہ خصوصی)دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے، داتا دربار کے باہر حملہ کرنے والے انسانیت اور پاکستان کے دشمن ہیں، پولیس کے جوانوں اور دیگر شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یہ بات پاکستان علما کونسل اور متحدہ علما بورڈ کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا عبد الحمید وٹو، مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا اسعد اللہ فاروق، مولانا اسعد زکریا، مولانا محمد اشفاق پتافی،مولانا اسعد حبیب شاہ جمالی، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا محمد شفیع قاسمی، چوہدری شبیر یوسف گجر، صاحبزادہ شکیل قاسمی، مولانا نعمان حاشر، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا سعد اللہ لدھیانوی اور دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں بے گناہ انسانیت کا قتل کرنے والوں کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف متحد ہے اور دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کو باہمی اتحاد سے ناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2019 دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کا سال ہو گا ان شا اللہ، رہنماؤں نے شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی صحت یابی اور شہدا کے لواحقین کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی۔