ایلیٹ فورس پر خودکش حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں،عظمیٰ بخاری
لاہور (پ ر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے داتا دربار کے باہر خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکہ کیا گیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت دس افراد شہید ہوئے جبکہ پچیس افراد زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں پنجاب میں امن او امان کی صورتحال کے پیش نظر صوبائی ایپکس کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا تھا لیکن موجودہ حکومت کے قیام کو نو ماہ سے زائد عرصہ ہو چکا ہے لیکن ابھی تک ایپکس کمیٹیوں کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اتنے بڑے سانحہ کو حکومت کی جانب سے نظر انداز کرنا حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔