داتا دربار حملہ، صوبہ بھر میں سماج دشمن عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم 

داتا دربار حملہ، صوبہ بھر میں سماج دشمن عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم 

ملتان‘میلسی (مانیٹرنگ ڈیسک‘ نمائندہ خصوصی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (بقیہ نمبر50صفحہ12پر)

(ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ داتا دربار لاہور کے باہرایلیٹ فورس کی گاڑی پر ہونے والا خود کش حملہ سماج دشمن عناصر کی بزدلانہ کاروائی ہے جو عوام کی جا ن و مال کے تحفظ کا فریضہ سر انجام دینے والے پنجاب پولیس کے بہادر افسران واہلکاروں کے حوصلوں کو ڈگمگا نہیں سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز نماز تراویح کے اوقات میں روزانہ فیلڈ میں نکلیں اور اے کیٹگری کی مساجد اور دینی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی ڈیوٹی چیک کریں جبکہ پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران اکٹھے کھڑے ہونے کی بجائے مناسب فاصلے پر کھڑے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہرات پر ناکوں سے کچھ فاصلے پر ایک سنائپر بھی تعینات کیا جائے تا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے فوری اور بطریق احسن نمٹا جا سکے جبکہ مستقل ناکوں کی بجائے موبائل ناکوں اور سنائپ چیکنگ کے عمل کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سینئر افسران سیکیورٹی ڈیوٹی پر ماموراہلکاروں کو موجودہ حالات کے تناظر  میں روزانہ انکی ڈیوٹی کی اہمیت اور حساسیت کے متعلق مفصل بریف کریں تاکہ وہ اپنے فرائض بطریق احسن سر انجام دے سکیں۔انہوں نے مزید کہاکہ حساس مساجد، امام بارگاہوں سمیت بڑے کاروباری و عوامی مراکز کی سیکیورٹی کیلئے اضافے دستے تعینات کئے جائیں اورتمام اضلاع میں جاری سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لاتے ہوئے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مسافروں اور گاڑیوں کی چیکنگ کے عمل کو مزید بہتر کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ہنگامی آر پی اوز ڈی پی اوز کانفرنس میں سینئر پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر  ایڈیشنل آ ئی جی آپریشنزپنجاب، انعام غنی،سی سی پی او لاہور، بی اے ناصر، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب، زعیم شیخ، ایڈیشنل آ ئی جی سی ٹی ڈی، محمد طاہر رائے اورڈی آئی جی آپریشنز پنجاب کیپٹن (ر) عطا محمد موجود تھے جبکہ صوبے کے تمام آرپی اوز، ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیولنک کانفرنس میں شرکت کی۔قبل ازیں آئی جی پنجا ب نے داتا دربار دھماکے کے کچھ دیر بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا اورایلیٹ فورس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے امدادی کاروائیوں کا جائزہ بھی لیا۔ دوران کانفرنس آئی جی پنجاب نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام کے دوران پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افسران واہلکار پنجاب پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں جن کی قربانیاں پوری قوم بالخصوص پولیس فورسز کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجرکا کردار ادا کر رہی ہے اوروطن عزیز میں قیام امن کیلئے پولیس شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لواحقین میری ذاتی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلے کو مزید تیز کیا جائے اور مساجد، امام بارگاہوں سمیت اقلیتی عبادت گاہوں کے گردونواح میں پٹرولنگ فورسز کے گشت کے عمل کو مزید موثر بناتے ہوئے ہر طرح کی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کی جان ومال کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیاجاسکے۔

سماج دشمن عناصر

مزید : ملتان صفحہ آخر