سندس فاؤنڈیشن کے تحت تھیلے سیمیا عالمی دن پرخصوصی تقریب کا اہتمام

سندس فاؤنڈیشن کے تحت تھیلے سیمیا عالمی دن پرخصوصی تقریب کا اہتمام

لاہور(سٹی رپورٹر)پوری دنیا میں گزشتہ روز تھیلے سیمیا کا عالمی دن منایا جاتا ہے، سُندس فاؤنڈیشن میں بھی اسی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام علی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈائریکٹر خالد عباس ڈار، تھیلے سیمیا کے مریض بچوں، اُن کے والدین، سُندس فاونڈیشن کے عملہ،کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد عوام الناس کو تھیلے سیمیاجیسی موذی بیماری کی وجوہات اور روک تھام کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا اوراس مرض میں مبتلا بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرناتھا۔سید صمصام علی شاہ بخاری نے سُندس فاونڈیشن میں مریض بچوں کی عیادت کی اور اُن میں ادویات، پھول اور تحائف تقسیم کیے۔اس موقع پر انہوں نے سُندس فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایک لاکھ روپے ڈونیشن دی اور کہا کہ وہ دوبارہ سُندس فاؤنڈیشن کا تفصیلی دورہ کرینگے اور ان کے ہمراہ ڈونرز سُندس فاؤنڈیشن سے بھرپور تعاون کریں گے۔ ڈاکٹر عائشہ یونس میڈیکل آفیسر سُندس فاؤنڈیشن نے بتایاکہ پوری دُنیامیں تھیلے سیمیا کا عالمی دِن 8 مئی کو منایا جاتا ہے لیکن سُندس فاونڈیشن میں یہ دِن ہر روز منایا جاتا ہے تاکہ اس بیماری کا ہر ممکن مقابلہ کیا جاسکے۔دیگر مہمانوں نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہارِ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اگر اپنے وسائل اور اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اس بیماری کے خلاف ایک ہو جائیں تو یقیناً پاکستان کو بھی سائپرس، یونان اور اٹلی کی طرح تھیلے سیمیا سے پاک ملک بنایا جا سکتا ہے،خالد عباس ڈارڈائریکٹر سُندس فاؤنڈیشن نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ منو بھائی)مرحوم(نے اپنی تمام تر زندگی اِن معصوم مریض بچوں کی خاطر وقف کر رکھی تھی،ن کی اِن کاوشوں کو کبھی بھی بھُلایا نہیں جاسکتا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سُندس فاؤنڈیشن مخیر حضرات کے تعاون سے ایک ہسپتال تعمیر کرنے جارہی ہے جس کیلئے اراضی حاصل کرلی گئی ہے، صاحب حیثیت افراد سے خصوصی درخواست ہے کہ اس بڑے منصوبے کی تکمیل کے لئے سُندس فاونڈیشن کا زیادہ سے زیادہ ساتھ دیں۔

سندس فاؤنڈیشن

مزید : صفحہ آخر