ماہ مقدس میں دہشت گردی کر نیوالے بزدل ہیں،چوہدری سرور

ماہ مقدس میں دہشت گردی کر نیوالے بزدل ہیں،چوہدری سرور

لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دہشت گردی کر نیوالے بزدل ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ عناصر اَمن ِپاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں۔ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہیں اور ہر موقع پر اپنے جوانوں کا ساتھ دینے کے لئے تیار ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم سب ان شہیدوں کے لیے دعا گو ہیں جنہوں نے اپنی جانیں اس ملک اور ہماری حفاظت کے لئے قربان کی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔گورنر نے کہا کہ پاکستان کے عوام فیصلہ کرچکے ہیں کہ امن دشمنوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میو ہسپتال لاہور میں دھماکے کی زد میں آ کر زخمی ہونے والوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر اور عملے کا مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف عملے کی حوصلہ افزائی بیحد ضروری ہے اور یہ مشکل وقت میں سب سے بڑی خدمت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس قوم نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بے حد قربانیاں دی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہماری پولیس،افواج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے سینکڑوں جوان ہماری حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں،ہم اپنے شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ پولیس اور ادارے دھماکے سے متعلق شواہد اکٹھے کر چکے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں لیکن یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ دشمن کے ہاتھوں میں پلنے والے دہشت گردوں کے عزائم کو پاکستان کے عوام اور ادارے کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

چوہدری سرور

مزید : علاقائی