عراق امریکی فوجیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے، مائیک پومپیو
بغداد(صباح نیوز)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جرمنی کا طے شدہ دورہ منسوخ کر کے عراق کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عراقی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ عراق میں امریکی فوجیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔یہ دورہ ایسے وقت ہوا جب امریکہ نے اپنے بحری بیڑے، یو ایس ایس ابراہم لنکن کو خطے میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ مائیک پومپیو نے عراق کے وزیراعظم عادل عبدل مہدی اور صدر براہم صالح سے ملاقات کی۔عراقی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے عراقی رہنماؤں کو باور کرایا ہے کہ امریکہ کو عراق میں دوسرے ممالک کی مداخلت پسند نہیں۔امریکی وزیر خارجہ نے عراقی رہنماں سے کہا کہ وہ عراق میں امریکی فوجیوں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔امریکی اہلکاروں نے کہا کہ بحری بیڑے کو عراق میں ایرانی اتحادوں کی جانب سے امریکی افواج کو دھمکیوں کے پیش نظر بھیجا گیا ہے۔
مائیک پومپیو