جاپان پاکستانی آم کی پراسیسنگ کےلئے جدید پلانٹ نصب کریگا

  جاپان پاکستانی آم کی پراسیسنگ کےلئے جدید پلانٹ نصب کریگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 فیصل آباد(بیورورپورٹ)جاپان نے پاکستانی آم کی پراسیسنگ کے لئے کراچی پورٹ پر دنیا کا جدید ترین پلانٹ لگانے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے جہاں کروڑوں روپے کی لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ پلانٹ نصب کیاجائے گا جس کے لئے مناسب جگہ کی تلاش شروع کردی گئی ہے اور جگہ ملتے ہی پلانٹ کی تنصیب ہنگامی بنیادوں پر شروع کردی جائے گی تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کی آم کی برآمدات بڑھانے کے ساتھ ساتھ جاپان کو بھی زیادہ سے زیادہ پاکستانی آم برآمد کیاجاسکے۔ مینگو گروئرز اینڈ ایکسپورٹرز ا یسو سی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں گزشتہ روز ایک تقریب کے دوران جاپانی سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے کے لئے کوشاں ہیں جبکہ پاکستانی تاجروں کو جاپانی منڈیوں تک رسائی کے لئے تمام سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے خاص طور پر پاکستانی آم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی منڈیوں میں اس پھل کی بہت طلب ہے جبکہ جاپان میں پاکستان کے خشک پھلوں کی بھی کافی مانگ ہے اور اس وقت جیکا کے تعاون سے خشک خوبانی کی برآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دوسرے پھلوں کے علاوہ سبزیوں کی برآمدات کے لئے بھی اقدامات کی ضرورت ہے

 اور جاپان کی کئی تجارتی فرموں نے لاہور اور کراچی میں اپنے دفاتر بھی قائم کئے ہیں۔ اس موقع پرایسوسی ایشن کے عہدیداران نے جاپان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت بارے اعدادوشمارکا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جاپان نے پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرنے والے ملکوں میں جاپان بھی ساتویں نمبر پر ہے۔ انہوں نے جاپان کی طرف سے فیصل آباد میں فراہمی آب اور صحت کے شعبہ میں امداد پر جاپانی حکومت اور جاپانی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

کامرس -