محکمہ زراعت نے زیادہ کپاس اگاﺅ معیشت بڑھاﺅ مہم کا آغاز کر دیا

  محکمہ زراعت نے زیادہ کپاس اگاﺅ معیشت بڑھاﺅ مہم کا آغاز کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 فیصل آباد(بیورورپورٹ)محکمہ زراعت نے زیادہ کپاس اگاﺅ معیشت بڑھاﺅ مہم کا آغاز کر د یا ہے اور کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کپاس کی کاشت کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کر لیں تاکہ بمپر کراپ کا حصول ممکن ہو سکے۔ محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار گندم کے مڈھوں کو زمین میں دفن کرنے کے لئے ڈسک ہیرو چلائیں تاکہ زمین کی زرخیزی بڑھائی جا سکے جبکہ پانی اور اجزائے خوراک کی یکساں تقسیم اور پانی کی بچت کےلئے لیزر لیولر کا استعمال کریں۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکار صحت مند بیج کے اگاﺅ کے لئے منظور شدہ اقسام اور بلحاظ علاقہ تصدیق شدہ بیج کاشت کریں اور کاشت سے قبل کپاس کے بیج کا بُر اتار لیں جس سے بیج کی کوالٹی بہتر ہوتی ہے اور پودا بہت سی بیج میں موجود بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ کاشتکار بیج کو کیڑے مار اور پھپھوندی کش زہر لگا کر کاشت کریں تاکہ زمین سے بیج سے پیدا کردہ بیماریوں سے بچا جا سکے جس کےلئے امیڈاکلورپرڈ 70WSبحساب 5گرام فی کلوگرام بیج یا تھایا میتھوگزام 70WSبحساب 3گرام فی کلوگرام بیج اور سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوںنے بتایا کہ اس طرح نوزائیدہ پودے کیڑوں اور بیماریوں سے 25دن تک محفوظ ہو جائیں گے نیز پودوں کی مطلوبہ تعداد کے حصول کےلئے کھیلیوں پر کاشت کی جائے اور اچھی پیداوار کے حصول کے لئے کھیت میں پودے کا پودے سے فاصلہ 9انچ تک رکھا جائے اور کوشش کی جائے کہ مئی کے مہینے میں پودوں کی فی ایکڑ تعداد 23 سے 35ہزار تک ہو۔

مزید :

کامرس -