کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے رمضان سستا بازارکوہاٹ کاافتتاح کردیا
پشاور(سٹاف رپورٹر)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید عبدالجبا ر شا ہ نے بدھ کے روز ڈپٹی کمشنرکوہاٹ مطیع اللہ خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہ نواز اور دیگر انتظامی افسران کے ہمراہ فیتہ کاٹ کررمضان سستا بازار کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔اس موقع پر عام لوگ،تاجر برادری اورمیڈیا کے نمائندے موجود تھے۔ کمشنر کو بتایاگیا کہ سستا بازار میں عوام کو ایک چھت تلے 20 فیصد تک ڈسکاؤنٹ پر تمام اشیائے ضروریہ دستیاب ہیں۔پھلوں اورسبزیوں کے علاوہ گوشت،یوٹیلیٹی سٹورزاورکریانہ کے سٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔کمشنر کوہاٹ نے انتظامی افسران کے ہمراہ تمام سٹالز کا تفصیلی دورہ کیا، دُکانداروں سے اشیاء کے بھاؤ معلوم کئے اور ان کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام اشیاء کی قیمتیں حسب فیصلہ بازار سے کم رکھی جائیں۔انہوں نے سستا بازار کے مقاصد کے حصول کے لئے کل وقتی انتظامی نمائندہ مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی۔عبدالجبار شاہ نے مزید ہدایت کی کہ رمضان کے دوران عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے سستا بازارمیں تمام اشیائے خورد ونوش کی وافر مقدارمیں فراہمی یقینی بنائی جائے اور ان اشیا ء کی قیمتوں اورمعیار پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے رمضان کے دوران اچانک دوروں کا عندیہ دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ خلاف ورزی کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ خان نے منگل کی شام کمپنی باغ کوہاٹ میں صوبائی حکومت کے" احساس پروگرام" کے تحت محکمہ سوشل ویلفیئر کوہاٹ کی زیر نگرانی کاروان عمل کوہاٹ کے تعاون سے قائم" افطار دسترخوان" کا بھی افتتاح کیاجہاں 30 ویں رمضان المبارک تک ضرورت مند اورنادار روزہ داروں کوفری افطار کی سہولت دی جائے گی۔