اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنس،جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء پر جرح مکمل

اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنس،جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء پر جرح مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ر یفرنس میں سماعت کے دور ان سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد کے وکیل نے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پر جرح مکمل کر لی۔ بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ دور ان سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد کے وکیل نے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پر جرح مکمل کر لی۔واجد ضیاء نے کہاکہ سعید احمد کا التوفیق انوسٹمنٹ بینک کے منیجرسے رابطے ریکارڈ پر ہیں۔انہوں نے کہاکہ سعید احمد اور جاوید کیانی کا بطور گواہ بھی بیان ریکارڈ کیا گیا۔ وکیل نے سوال کیا کہ کیا آپ نے سعید احمد کے دستخط چیک کیے تھے، واجد ضیاء نے کہاکہ ہم نے رائٹنگ ایکسپرٹ سے سعید احمد کے دستخط چیک نہیں کروائے۔ وکیل صفائی نے سوال کیا کہ آپ نے عدالت میں کن چیزوں کی بنیاد پر بیان دیا، واجد ضیاء نے جواب دیا کہ میں نے جی آئی ٹی رپورٹ سے سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر بیان دیا۔انہوں نے کہاکہ جے آئی ٹی نے ایمرٹس بینک، التوفیق بینک اور البرکہ بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفتیش کی۔وکیل صفائی نے کہاکہ کیا ان بینکوں میں ٹرانزیکشن کے ثبوت موجود ہیں۔واجد ضیاء نے کہاکہ جی ہاں، تینوں بینکوں میں رقوم کی ٹرانزیکشن کے ثبوت ہیں۔بعد ازاں کیس کی سماعت 15 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔آئندہ سماعت پر منصور رضوی اور نعیم محمود کے وکیل واجد ضیاء پر جرح کریں گے۔
واجد ضیاء