محمد حسین محنتی کا لاہورمیں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار

محمد حسین محنتی کا لاہورمیں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے لاہور بم دھماکہ کی سخت مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت امن و امن کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ کچھ عرصے سے بلوچستان و فاٹا کے بعد اب پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں دہشت گردی کا واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت ہر شعبہ میں اپنی ناکامی کے ریکارڈ توڑتی چلی جارہی ہے۔ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں تو دوسری جانب اب لوگوں کی جان و مال بھی محفوظ نہیں ہے، جب عوام کے محافظ ہی محفوظ نہ ہوں تو پھر عوام کو کیسے تحفظ ملے گا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ دریں اثناء صوبائی امیر نے حکومت سندھ سے آل ریونیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبات کے حق میں احتجاج کا نوٹس اور جائز مطالبات پر ہمدردانہ غور کر کے ملازمین کے احتجاج کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی نا انصافیوں اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے نرس، اساتذہ سے لیکر ریونیو ڈپارٹمنٹ کے ملازمین سراپا احتجاج ہیں مگر حکومت کے سر پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہون نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مظلوم طبقے کی حمایت کی ہے۔ جماعت اسلامی ریونیو ملازمین کے احتجاج کی حمایت اور سندھ بھر میں ہونے والے دھرنوں میں جماعت اسلامی کے ذمہ دار بھی شریک ہوں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر