بین الاقوامی مرکز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا مرکز قائم ہوگا

بین الاقوامی مرکز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا مرکز قائم ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)جامعہ کراچی چین کے تعاون سے بین الاقوامی مرکز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا مرکز قائم کریگا، دونوں ممالک کے سائنسدان مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینگے۔ان خیالات کااظہار آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری، دس رکنی چینی وفدکے سربراہ اور چینی تحقیقی ادارے صوبہ گونگ ڈونگ کے شعبہء سائنس اور ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر روی جنگ ونگ نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی میں بدھ کو منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں چینی ماہرین سمیت بین الاقوامی مرکز کے دیگرآفیشل بھی موجود تھے۔چینی وفد نے جو ڈاکٹر لو زینگ، ڈاکٹر ہان رونگ و، ڈاکٹر زی زو، ڈاکٹر ہانگ رونگ، ڈاکٹر زینگ این، ڈاکٹر لی لیی، ڈاکٹر جیان چینگ لیو، ڈاکٹر یونگ زین کونگ اور ڈاکٹر لی ڈنگ قیانگ پر مشتمل تھا بین الاقوامی مرکز کے دورے کے دوران ادارے میں موجود تحقیقی سہولیات کا جائز لیا۔پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا بین الاقوامی مرکز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے مرکز کے قیام کے حوالے سے اسلام آبادی میں چینی اور پاکستانی اداروں کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر پہلے ہی دستخط ہوچکے ہیں، انھوں نے کہا اس نوعیت کا ایک اور ادارہ پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف ایپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، ہری پور میں قائم ہوگا۔ انھوں نے کہا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی پاکستان کا ممتاز تحقیقی ادارہ ہے جو متعلقہ شعبہ جات میں ریسرچ اور ڈیولپمنٹ میں سرگرم ہے، اس ادارے کا شماردنیا کے بہترین حیاتیاتی اور کیمیائی علوم کے اداروں میں ہوتا ہے۔ ڈاکٹر روی جنگ ونگ نے بین الاقوامی مرکز میں موجود تحقیقی سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے تعلیمی و تحقیقی عنوان سے سودمند ثابت ہوگا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر