تاجررمضان کے دوران سستے داموں اشیاء فراہم کریں‘ فیصل آبادچیمبر

تاجررمضان کے دوران سستے داموں اشیاء فراہم کریں‘ فیصل آبادچیمبر

فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس مہینے سے پوری طرح فیض یاب ہونے کیلئے دوسری عبادات کے ساتھ ساتھ دل کھول کے مستحق اور محروم مسلمان بھائیوں کی مدد کریں۔ فیصل آباد چیمبر میں مختلف قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تاجروں اور خاص طور پر اشیائے خورونوش کی تجارت کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ روزہ داروں کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کم از کم اس مبارک مہینے کے دوران منافع نہ کمائیں اور اشیائے ضروریہ کم قیمت پر فروخت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ فیصل آباد کی تاجر برادری اس مہینے کے دوران زیادہ سے زیادہ زکوٰۃ، صدقات اور خیرات بھی کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاجر تنظیمیں اجتماعی طور اور انفرادی طور پر مستحقین میں خصوصی رمضان پیک بھی تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہت سے مخیر حضرات افطاری کا بھی خصوصی انتظام کر رہے ہیں اور یہ سارا کام محض اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کار خیر کا یہ کام پورا مہینہ جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے اس تاثر کو زائل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا کہ تاجر رمضان المبارک کے دوران رسدو طلب کے فرق کی آڑ میں ناجائز منافع خوری کرتے ہیں۔ تقریب سے سابق صدر ایوب صابر، شفیق شاہ، یعقوب اعوان، شاہد ممتاز باجوہ اور دیگر کئی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں نے بھی خطاب کیا اور اپنی اپنی کمیٹی کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔

مزید : کامرس