کرونا نے دنیا بھر کے سائنسدانوں کو ناکام کردیا،لیاقت بلوچ

کرونا نے دنیا بھر کے سائنسدانوں کو ناکام کردیا،لیاقت بلوچ

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ملی یکجہتی کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان 3مئی کو زوم ٹیلی کانفرنس کے ذریعے باجماعت نمازوں، ماہ رمضان میں تراویح، نزول قرآن، لاک ڈاؤن متاثرین کی امدادی سرگرمیوں، 27 رمضان یوم آزادی اور یوم القدس کے موضوعات پر تبادلہ خیال اور لائحہ عمل اختیار کریں گے۔ کرونا عالمی وبا ہے دنیا بھر کی حکومتیں، سائنس دان، پالیسی ساز ناکام ہیں۔ احتیاطی تدابیر ہی وبا کے پھیلاؤ کا موثر ذریعہ ہے۔

  رجوع الی اللہ، توبہ و استغفار کی جائے اور الزام تراشیاں، کردار کشی، حسد، بغض، غیبت کے رویے چھوڑ کر اللہ کو منا لینا ہی اکسیر علاج ہے۔وبا اللہ کی طرف سے آزمائش ہے۔مالک کائنات کو راضی کر لیا جائے تو لمحہ بھر میں پوری دنیا کے انسانوں کو نجات مل سکتی ہے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ مساجد میں باجماعت نماز اور تراویح کے لیے زیادہ تر بیس نکاتی معاہدہ پر عملدرآمد ہورہاہے جبکہ حکومت کو مساجد کے علاوہ مقامات پر سماجی خامیوں کے حوالے سے تمام ضابطوں کے ٹوٹنے کا کوئی احساس نہیں۔ علماء، امام،مساجد انتظامیہ اور خود نمازی کورونا وبا کے مقابلے میں تمام احتیاطوں کو ملحوظ رکھے ہوئے ہیں۔ مساجد کے معاملہ میں سیکولر قوتیں صرف اپنا دین بیزاری کا اظہار شوق استعمال کر رہی ہیں۔ لیاقت بلوچ نے معروف شاعر، دانشور پروفیسر انور مسعود کی اہلیہ کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کی، البصیرہ کے سربراہ سید ثاقب اکبر کی رہائش گاہ شاہ اللہ دتہ میں افطار دعوت میں شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -