لاک ڈاؤن کے خاتمہ سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،زاہد محمود قاسمی

  لاک ڈاؤن کے خاتمہ سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،زاہد محمود قاسمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی)مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین اور انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن ختم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ حکومت نے عید الفطرسے قبل لاک ڈاؤن مرحلہ وار ختم کرکے ڈوبتی ہوئی معیشت کو سہارا دیا ہے۔
اس فیصلے سے عوام کی زندگیوں میں خوشی پیدا ہوئی ہے۔حکومت نے تاجروں کیلئے آسانی پیدا کرکے عوام دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ اب شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور حکومت سے تعاون کریں۔یہ بات ہمیں بحیثیت قوم یاد رکھنی چاہئے کہ ہماری زندگیاں اب احتیاط کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتیں۔ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہمیشہ زندگی گزارنی ہے۔ ایک طرف حکومت نے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس او پیز بنائے ہیں جبکہ دوسری طرف تاجر تنظیموں،صنعتکاروں اور سرکاری اداروں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کیلئے پوری سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ تجارتی مراکز صبح نماز فجر سے لیکر شام 5بجے تک کھولنے کا فیصلہ انتہائی احسن اقدام ہے۔ مستقل بنیادوں پر رات کو تجارتی مراکز بند کئے جائیں۔ اس سے بجلی کی بچت ہوگی۔اللہ تعالیٰ نے دن کو معاش کیلئے اور رات کو انسان کے آرام کیلئے بنایا ہے۔ تجارتی امور میں قرآن وسنت اور اسلام سے رہنمائی لینے والے تاجر ہمیشہ خوشحال رہیں گے۔ مغربی دنیا بھی صبح سے لیکر شام تک تجارت کرتی ہے اور رات کو اپنے مراکز بند رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عمل کرے،جس طرح مساجد میں ایس او پیز پر عمل کرکے علماء اور نمازیوں نے عملی ثبوت اور نمونہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد پاکستان کی افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور محکمہ صحت مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس مشکل کی گھڑی میں اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام کی حفاظت اور صحت کیلئے فرنٹ پررہ کر جو کردار اداکیا ہے پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے۔ ایسے ادارے اور افراد پوری قوم کیلئے سر کا تاج ہیں۔