کورونا وائرس نے تعلیمی شعبہ کو بری طرح متاثرکیا،ڈاکٹرحسین محی الدین
لاہور(پ ر)ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس نے دیگر شعبوں کی طرح تعلیمی شعبے کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ اس نازک صورتحال میں طلبہ کے قیمتی تعلیمی سال کو بچانے میں منہاج یونیورسٹی لاہور نے نجی سیکٹر میں سب سے پہلے آن لائن کلاسز کا اجراء کیا جس کے ذریعے کوالیفائیڈ اساتذہ یونیورسٹی کے (کیمپس مینجمنٹ سسٹم)اور جدید ایپلیکیشنز کے ذریعے طلبہ کو کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں جس سے ہزاروں طلبہ گھر بیٹھے مستفید ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یونیورسٹی انتظامیہ کے سینئر افسران کے آن لائن ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن کلاسز کے کامیاب اجراء کا کریڈٹ بلاشبہ وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد،پرو وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد سرویا، ڈائریکٹر اکیڈیمکس ڈاکٹر خرم شہزاد اور شعبہ آئی ٹی کی ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے مختصر عرصے میں فیڈرل ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی گائیڈ لائنز اور پیرا میٹرز پر عمل کرتے ہوئے طلبہ کے لئے آن لائن کلاسز کیاجراء کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال میں فیڈرل اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیزکے ساتھ مل کر فاصلاتی آن لائن طریقہ تدریس کو رائج کرنے میں انتہائی مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔اس کے علاوہ یونیورسٹیز کی سطح پر طلبہ کے تعلیمی نقصان کو کم سے کم کرنے اور فاصلاتی آن لائن طریقہ تدریس میں جدت اور بہتری لانے میں بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے نہایت مربوط اور جامع گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جو کہ قابل ستائش ہیں۔