انگلینڈ میں سیریز کیلئے ای سی بی کاپی سی بی سے رابطہ

انگلینڈ میں سیریز کیلئے ای سی بی کاپی سی بی سے رابطہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور انگلش کرکٹ بورڈ کے درمیان جولائی اور اگست میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے حوالے سے آئندہ ہفتے باضابطہ بات چیت ہوگی۔ پہلی بار انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے رابطہ کرکے بتایا ہے کہ وہ سیریز کے بارے میں ایک پلان پیش کرنا چاہتے ہیں اگر پی سی بی کو کسی مسئلے پر کوئی تحفظ ہے تو وہ اسے دور کرنے کو تیار ہے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سی ای او ٹام ہیری سن سے ویڈیو لنک پر سیریز کے ممکنہ امکانات کا جائزہ لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت کے لئے میزبان ملک کی جانب سے کئی سوالات کا جواب درکار ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ سیریز تماشائیوں کے بغیر دو گراؤنڈز پر میچ کرانا چاہتا ہے۔پاکستان کو انگلینڈ جانے سے قبل آئر لینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں اور حکومتی ذمے داروں سے میٹنگ کے بعد کلیئر گائیڈ لائن پی سی بی کے سامنے رکھے گا۔ پی سی بی جاننا چاہے گا کہ سیریز کس طرح اور کن شرائط پر ہوگی۔ پاکستان کے لئے سب سے اہم صحت کے معاملات پر ہوں گے۔