انسداد کورونا، اقوام متحدہ کی پاکستان سمیت غریب ممالک کیلئے 6.77ارب ڈالر امداد کی اپیل

  انسداد کورونا، اقوام متحدہ کی پاکستان سمیت غریب ممالک کیلئے 6.77ارب ڈالر ...

  

نیویارک(این این آئی) اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نبرد آزما پاکستان سمیت معاشی طور پر کمزور ممالک کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی اپیل 2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 6ارب 77 کروڑ ڈالر کردی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوامِ متحدہ میں انسانی ہمدردی اور ہنگامی امداد سے متعلق امور کے نائب سیکریٹری جنرل مارک لوکاک نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ ان کے ادارے کو کورونا وائرس سے متاثرہ غریب ممالک کی مدد کیل 6.77 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔مارچ میں اس امدادی رقم کا تخمینہ 2 ارب ڈالر لگایا گیا تھا جس میں 54 ممالک شامل تھے۔ تاہم کورونا وائرس کی بگڑتی صورتِ حال اور اس سے پیدا ہونے والے معاشی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے امداد کے مستحق ملکوں میں مزید 9ممالک کا اضافہ کردیا گیا ہے جن میں پاکستان کے علاوہ بینن، جبوتی، لائبیریا، موزمبیق، فلپائن، سیرا لیون، ٹوگو اور زمبابوے شامل ہیں۔مارک لوکاک کا کہنا تھا کہ اگر ہم وبائی امراض ا مقابلہ کرنے اورکساد بازاری کے اس دور میں غریب لوگوں بالخصوص خواتین، لڑیوں اور دیگر پسماندہ گروہوں کی مدد نہیں کرتے تو ہمیں آنے والے کئی برسوں تک اس کے اثرات بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے غریب ترین ممالک آئندہ تین سے چھ ماہ تک بمشکل ہی ناول کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی معاشی و معاشرتی مشکلات کا سامنا کرسکیں گے کیونکہ یہ ممالک پہلے ہی ملازمتوں اور آمدنی میں کمی ے ساتھ ساتھ غذا اور بچوں کیلیے دواؤں کی قلت کا شکار ہیں۔

اقوام متحدہ /اپیل

مزید :

صفحہ اول -