افغانستان میں بم دھماکہ، خوست کا پولیس چیف دو محافظوں سمیت جاں بحق

    افغانستان میں بم دھماکہ، خوست کا پولیس چیف دو محافظوں سمیت جاں بحق

  

کابل(این این آئی) افغانستان کے صوبے خوست کے پولیس چیف بریگیڈیئر جنرل سید احمد ببازی دو اہلکاروں سمیت بم دھماکے میں ہلا ک ہوگئے۔ خوست پولیس چیف بریگیڈیئر جنرل سید احمد ببازی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے دم توڑ گئے۔ بریگیڈیئر جنرل سید احمد ببازی پر عسکریت پسندوں کیخلاف آپریشن کے دوران حملہ کیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے خوست میں سڑک کنارے نصب بم اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے صوبے کے پو لیس چیف کی گاڑی گزر رہی تھی۔ دھماکے میں بریگیڈیئر جنرل سید احمد ببازی شدید زخمی جبکہ دو اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔صوبے خو ست کے گورنر کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ خوست پولیس چیف بریگیڈیئر جنرل سید احمد ببازی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ بریگیڈیئر جنرل سید احمد ببازی پر عسکریت پسندوں کیخلاف آپریشن کے دوران حملہ کیا گیا تھا۔خوست کے مقامی طالبان قیادت نے پولیس چیف پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ساتھی جنگجووں کی ہلاکت کا بد لہ لیا گیا ہے، اگر ہم پر کارروائیاں بند نہ ہوئیں تو ایسے حملے جاری رہیں گے۔ادھر امریکہ کے خصوصی مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے گزشتہ روز ہی طالبان قیادت سے بات چیت کی ہے جس میں افغان فوج کیخلاف عسکری کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیاتھا۔

خوست پولیس چیف

مزید :

صفحہ آخر -