کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل، آزادی تک حامیت جاری رکھیں گے: سراج الحق

  کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل، آزادی تک حامیت جاری رکھیں گے: سراج الحق

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔کشمیر کے بغیرپاکستان نامکمل ہے۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کا ساتھ دیا ہے اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا ہم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں کیا۔سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ آزادکشمیر کی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھانی چاہیے۔بھارت نے 10لاکھ ریٹائرڈ ہندو فوجیوں کو فوری طورپر کشمیر میں بسانے کامنصوبہ بنایا ہے جن میں اکثریت آر ایس ایس کے نظریے کو ماننے والوں کی ہے۔ صد ر آزاد کشمیر مسعود احمد خان نے لاک ڈاؤن کے دوران جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کی تعریف کی اور کہا کہ الخدمت فاونڈیشن نے پاکستانی قوم کی بلا رنگ و نسل،مذہب خدمت کی اور حکومت سے بھی پہلے مستحق اور نادار لوگوں تک امداد لے کر پہنچی۔بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کررہاہے تاکہ مسلم آبادی کے تناسب کو کم کرکے کشمیر کو ہندو اکثریتی ریاست بنا سکے عالمی برادری کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔سردار مسعود احمد خان اور سینیٹر سراج الحق نے عرب ممالک کی طرف سے بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لینے اس کے خلاف آواز اٹھانے اور تشویش کے اظہار کو خوش آئند قرار دینے پر عرب دنیا کا شکریہ ادا کیااور امید ظاہر کی کہ نہ صرف او آئی سی بلکہ اقوام متحدہ میں بھی عرب ممالک مسئلہ کشمیر کے فور ی حل کے لیے اور بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پربھرپور آواز اٹھائیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -