ریلیف ٹائیگرز فورس مستحق افراد کی نشاند ہی میں مدد کرے گا، محمود اسلم

ریلیف ٹائیگرز فورس مستحق افراد کی نشاند ہی میں مدد کرے گا، محمود اسلم

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم وزیر نے کورونا سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم کووڈ۔19 ریلیف ٹائیگر فورس کے سلسلے میں جمعہ کو 72 رضاکاروں سے خیبر ہاوٗس پشاور میں حلف لیا۔ تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع خیبر میں 43062 افراد نے رضاکار فورس کے لئے اپنے آپ کو رجسٹرڈ کیا ہوا ہے۔ جبکہ اس وقت تحصیل لیول پر بھی رضاکاروں سے حلف لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف ٹائیگر فورس بیروزگار مزدوروں اور مستحق افراد جو کہ احساس پوورٹی اسکور کارڈ کے مطابق امداد کے اہل ہوں نشاندہی کرانے میں مدد کریں گے۔ جب کہ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ علاقے میں راشن اور ضروری اشیاء کی فراہمی، ہسپتال اور جائے عام میں سماجی رہنمائی فراہم کرے گا۔ ڈپٹی کمشنر محمود اسلم نے کہا کہ متعلقہ ٹائیگرز فورس، کمیٹی کی طرف سے تفویض کردہ کوئی بھی اضافی ذمہ داری ادا کرنے کی پابند ہوگی، جبکہ احساس کفالت پروگرام کے تحت احساس امداد مراکز کے انتظامات میں معاونت بھی فراہم کریں گے۔ یوٹیلٹی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رضاکار یوٹیلٹی اسٹور کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر صارفین کے لئے سہولیات کی فراہمی میں بھی معاونت فراہم کریں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -