مردان،پولیس آفیسر کے بھائی کے اغواء کی کوشش ناکام،8 گرفتار
مردان (بیورورپورٹ)مہو ڈھیری میں پولیس افسر کے بھائی کو مبینہ طور پر اغواء کرنے کی کوشش ناکام بنا کر پولیس نے آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مومن شاہ نے رپورٹ درج کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے بھانجے سیف اللہ کے ہمراہ حجرے میں موجود تھے کہ اس دوران تین جیپوں اور ایک موٹر کار میں اسلحہ اور لاٹھیوں سے مسلح افراد وہاں پہنچے اور تھانہ تنگی چارسدہ کے ایس ایچ او مسعود خان کے بھائی سیف اللہ کو زبردستی جیپ میں بیٹھا کر فرار ہوئے۔اہل علاقہ نے شور مچایا اور مساجد میں لاوڈ سپیکروں پر اعلانات کئے۔لوگوں نے گاڑیوں کا تعاقب کیا اور تھوڑی دور جا کر انہیں جا لیا اور انکے قبضے سے مغوی سیف اللہ کو چھڑا لیا۔ پولیس نے گاڑیوں میں سوار ملزمان اور انکے سہولت کاروں سجاد،بدر منیر،زبیر،شیراز ساکنان تنگی چارسدہ،جان محمد ساکن باڑی چم مردان،محمد بلال پارہوتی،عمران خان مہو نرے،اور طفر مہمند ایجنسی کوگرفتار کر کے انکے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور ایک جیپ اور موٹر کار قبضے میں لے لئے جبکہ دیگر ملزمان میں شیر علی،نصر علی،ریاض،حامد،بلال اور امتیاز ساکنان تنگی چارسدہ کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔