پاکستان میں 4ٹن فی ایکڑ ہے، ترجمان محکمہ زراعت

پاکستان میں 4ٹن فی ایکڑ ہے، ترجمان محکمہ زراعت

  

فیصل آباد (اے پی پی)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹماٹر کی اوسط پیداوار 10ٹن جبکہ پاکستان میں 4ٹن فی ایکڑ ہے لیکن اس کے باوجود پنجاب میں ٹماٹر کی وافر اور سستے نرخوں پر دستیابی کے باعث اسے محفوظ بنا کر 6ماہ تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ پنجاب میں اپریل سے جون تک ٹماٹر وافر مقدار میں پیدا ہوتا ہے جو پورے ملک کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی پیسٹ بنا کر اسے محفوظ بنایا جا سکتا ہے اسی طرح ٹماٹر کو فریز کرکے بھی مستقبل میں استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم فریز کیا گیا ٹماٹر فریزر سے باہر نکال کر فوری طور پر استعمال کر لینا چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کو محفوظ بنانا بہت آسان ہے جس کیلئے گھریلو خواتین تھوڑی سی محنت سے ٹماٹر گھر میں پیسٹ اور چٹنی کی شکل میں محفو ظ رکھ سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹماٹر اپنی بھرپور غذائیت کی وجہ سے سبزیوں میں اہم مقام رکھتا ہے جس میں حیاتین اے اور سی، ریبوفلیون، تھایامین، تایاسین اور معدنی نمکیات، لوہا، چونا، فاسفورس وغیرہ کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں جو صحت کو برقرار رکھنے کیلئے بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر پنجاب بھر میں لیکن مظفرگڑھ میں سب سے زیادہ رقبہ پر کاشت ہوتا ہے جبکہ گوجرانوالہ میں اس کی سب سے زیادہ فی ایکڑ اوسط پیداوار ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر ہر گھر کے کچن کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ٹماٹر کی چٹنی، پیسٹ اور کیچپ وغیرہ بھی استعمال کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس کی مصنوعات کی مانگ بیرونی ممالک میں بھی دن بدن بڑھ رہی ہے۔

مزید :

کامرس -