مردان،رہزن گروہ کے تین ارکان گرفتار،کار برآمد

مردان،رہزن گروہ کے تین ارکان گرفتار،کار برآمد

  

مردان (بیورورپورٹ) شیخ ملتون پولیس نے رہزن گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے چھینی گئی موٹر کار بر آمد کر لی۔تفصیلات کے مطابق 24اپریل کو ٹیکسی ڈرائیور گو ہر رحمان نے تھانہ شیخ ملتون میں اپنی گاڑی LJ-456اسلام آبادکی رہزنی رپورٹ درج کرائی تھی جس پر ڈی پی او سجاد خان نے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتار ی کے لئے ٹاسک ڈی ایس پی شیخ ملتون جانزادہ کو سونپی تھی۔ڈی ایس پی جانزادہ نے ایس ایچ او عجب درانی اور تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم نے سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے رہزن گروہ کے تین ملزمان کاشف، معزساکنان ضلع نوشہرہ اور خاتون رکن مسماۃ (ر) زوجہ بہار علی سکنہ گدر حال محبت آباد مردان تک رسائی حاصل کر کے گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہم رینٹ اے کار، ٹیکسی کار والوں کو مختلف بہانوں سے مختلف جگہوں پر لے جاتے تھے اورجان بوجھ کر شام ہونے تک ان گاڑیوں کو استعمال کرتے پھر ہماری پلان کے مطابق ہم ان گاڑیوں کو اپنے مقررہ اہداف تک لے جاتے جہاں پر ہمارے دوسرے شریک واردات ساتھی با مسلح موجود ہوتے اور ان راستوں سے گزرتے ہی پلان کے مطابق ہماری گاڑی پر وہ حملہ آور ہوتے تھے، جس سے گاڑی کے ڈرائیور کو بھی کسی شک کا اندازہ نہیں ہوتا تھا اور ہم سب کو کو گاڑی سے اتار کر مار دھاڑ کرتے ہوئے ہماری سوچ کے مطابق اس نئی طریقہ واردات کے ذریعے گاڑی چھین کر لے جاتے تھے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مدعی مقدمہ سے چھینی گئی موٹر کار LJ-456بھی برآمد کر لی گئی۔رہزن گروہ کے دیگر شریک واردات ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کارروائیاں جاری ہے جن کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -