سینیٹ اجلاس کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں،صادق سنجرانی

سینیٹ اجلاس کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں،صادق سنجرانی

  

اسلام آباد(آئی این پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کی ہاؤس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں سینیٹ کے ریکوزیشن کیئے گئے اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ اجلاس کے انعقاد کے لئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں، سینیٹ ہال کے اندر سماجی فاصلے کے ایس او پیز کے تحت انتظامات کیئے گئے ہیں اور اس مقصد کیلئے گیلریز کا بھی استعمال کیا جائے گا جس میں اراکین سینیٹ کیلئے نشستیں مختص کی جائیں گی تاکہ سماجی فاصلے کے ایس او پیز کے تحت وہ ایوان کی کارروائی میں حصہ لے سکیں، کوشش ہو گی کہ سیشن دو گھنٹے سے زیادہ نہ ہو جبکہ سینیٹ کا اجلاس ایک ہفتے پر محیط ہو گا۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفرالحق نے کہا کہ تمام اراکین بیک وقت سینیٹ اجلاس میں شریک ہوں اور اس حوالے سے تمام پارلیمانی لیڈران اپنی اپنی پارٹیوں کے اراکین سینیٹ کی مرحلہ وار شرکت کیلئے لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات و سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر سید شبلی فراز، سینیٹر اعظم سواتی،وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے علاوہ سینیٹرز انوار الحق کاکڑ، اورنگزیب خان، سجاد حسین طوری، مشاہداللہ خان، ستارہ ایاز اور بیرسٹر محمد علی سیف پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں موجود تھے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹرسلیم مانڈوی والا، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق اور سینیٹرز مولانا عبدالغفور حیدری، محمد عثمان خان کاکڑ، میر حاصل بزنجو، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی سراج الحق اور شیری رحمان نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔

صادق سنجرانی

مزید :

پشاورصفحہ آخر -