کیمیکل زدہ جعلی دودھ تیار کرنیوالے 3یونٹس سیل‘23کو جرمانے

        کیمیکل زدہ جعلی دودھ تیار کرنیوالے 3یونٹس سیل‘23کو جرمانے

  

ملتان(سٹاف رپورٹر) جنوبی پنجاب میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں‘186یونٹس کو نوٹس‘23کو جرمانے‘ سیوریج زدہ سبزیاں تلف‘کیمیکل زدہ جعلی دودھ تیار کرنیوالے 3یونٹس سربمہر‘حشرات زدہ سوئیٹس اینڈ بیکرزاور ملاوٹی مصالحے کی فروخت پر 3کریانہ سٹور بھی سیل کردئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے بہاولپور میں واقع چاچا (بقیہ نمبر37صفحہ6پر)

منو کریانہ سٹور،مجید مرچ مصالحہ جات،حاجی محبوب کریانہ سٹور کو ملاوٹی کھلے مصالحہ جات فروخت کرنے،لائسنس نہ ہونے،ورکرز کے میڈیکل سرٹیفیکیٹس نہ ہونے،ریکارڈ نہ ہونے،اشیاء ڈھکی ہوئی نہ ہونے،موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر کریانہ سٹور کو سربمہر کیا۔ اسی طرح خانیوال میں واقع رشید ملک کولیکشن سنٹر،بہاولنگر میں واقع حاجی نواز ملک کولیکشن سنٹر،رفیق ہوم بیسڈ ملک سنٹر کو دودھ میں ویجی ٹیبل فیٹ کی ملاوٹ کرنے،دودھ کے سیمپل فیل ہونے،خریدوفروخت کا ریکارڈ نہ ہونے،ملک پاؤڈر کی موجودگی،مصنوعی طریقے سے دودھ تیار کرنے،کیمیکل ڈرمز کے استعمال، ورکرز کی ذاتی صفائی غیر تسلی بخش ہونے پر سیل کیا اور دوران کاروائی 400لیٹر دودھ،14کلو سکمڈ ملک پاؤڈر،3کلو یاد گار گھی،ملک پاؤڈر کے خالی بیگ اور مشینری برآمد کی گئی جبکہ وہاڑی میں چیکنگ کے دوران رحمن سوئیٹس اینڈ بیکرز کو سابقہ طور پر دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے،حشرات زدہ بیکری آئٹمز کی موجودگی،سٹوریج ایریا میں چھپکلیوں،چوہوں کی گندی ہونے اور ناقص صفائی پرسوئیٹس اینڈ بیکرز کو سربمہر کیا گیا۔اسی طرح بہاولپور میں فوڈ سیفٹی ٹیمز نے خوراک کو کھیت سے پلیٹ تک محفوظ بنانے کیلئے کھیتوں میں کاشت سبزیوں کی چیکنگ کی گئی۔ دوران چیکنگ بہاولپور میں 16کنال اراضی پر کاشت سیوریج زدہ سبزیوں کو موقع پر ہل چلا کر تلف کر دیا گیا۔مزید برآں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں کارروائی کرتے ہوئے ملتان ڈویژن میں 102فوڈ پوائنٹس کو وزٹ کیا اور87کو وارننگ نوٹسز جاری کیے۔اسی طرح بہاولپورڈویژن میں 64شاپس کی چیکنگ کی گئی اور51فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے جبکہ ڈی جی خان ڈویژن میں 58شاپس کی چیکنگ کرتے ہوئے48فوڈ پوائنٹس کو معمولی نقائص پر حتمی وارننگ نوٹسز جاری کیے۔ ملتان ڈویژن میں 10فوڈ پوائنٹس کو51,000 روپے، بہاولپور ڈویژن میں 07شاپس کو 19,500روپے اور ڈی جی خان ڈویژن میں 06فوڈ یونٹس کومجموعی طورپر10,000روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔اسی طرح دوران کاروائی انسپیکشن کرتے ہوئے مختلف اضلاع سے4564لیٹر مضرصحت مشروبات،212کلو ملاوٹی مصالحہ جات،100ساشے چائنہ نمک،156لیٹر جعلی روح افزاء،30کلو مضرصحت گوشت،81کلو مضرصحت خوراک کوتلف کیا گیا۔

جرمانے

مزید :

ملتان صفحہ آخر -