صوبائی سیکرٹری انرجی ثاقب ظفر کا بہاولپور کا دورہ‘ ڈپٹی کمشنر آفس میں بریفنگ

  صوبائی سیکرٹری انرجی ثاقب ظفر کا بہاولپور کا دورہ‘ ڈپٹی کمشنر آفس میں ...

  

بہاول پور:(بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی سیکرٹری انرجی کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ضلع بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انسدادی وآپریشنل اقدامات، انسداد ڈینگی، ٹڈی دل، گندم خریداری مہم، پرائس کنٹرول اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس بہاول پور میں (بقیہ نمبر7صفحہ6پر)

ایک اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوزب سعید نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع بھر میں کورونا وائرس کے 78کیسز تھے جن میں سے 61کورونا پازیٹیو مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں،ایک مریض وفات پا گئے جبکہ 16کورونا وائرس کے مریض زیر علاج ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تبلیغی جماعت کے 1295افراد صحت یاب ہو کر اپنے اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان کے دفتر میں کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل قائم ہے اور اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے دفتر میں کنٹرول روم فعال ہے۔ علاوہ ازیں بہاول پور میں بائیو سیفٹی لیول IIIلیب قائم کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی مہم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کا کوئی مریض نہ ہے۔ڈینگی کے سلسلہ میں سرویلنس فعال انداز میں جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 1746ہاٹ سپاٹ ہیں جن کی مسلسل سرویلنس کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر شوزب سعید نے بتایا کہ بہاول پور ضلع میں گندم خریداری مہم 14اپریل سے جاری ہے۔ حکومت پنجاب نے ضلع بھر میں 3لاکھ 17ہزار 461میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے اور اب تک 2لاکھ 92ہزار536میٹرک ٹن گندم خریدی جا چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 28گندم خریداری مراکز فعال ہیں جہاں سے 1400/-روپے فی چایس کلوگرام کے حساب سے گندم لی جا رہی ہے جبکہ 9/-روپے ڈلیوری چارجز اس کے علاوہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد گندم خریداری کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ انسداد ٹڈی دل کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے ضلع بھر میں سرویلنس جاری ہے۔ چولستان سے ملحقہ علاقے کی 21یونین کونسلوں میں 21فیلڈ ٹیمیں فعال کی گئی ہیں تاکہ ٹڈی دل کا فوری خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت توسیع کی ضلع کی تمام یونین کونسلوں میں فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول و سپلائی چین مینجمنٹ کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ضلع بھر میں متحرک ہیں۔ یکم اپریل 2020ء سے 6مئی 2020ء تک پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اشیائے خوردونوش کے نرخ چیک کرنے کے لئے 25145چھاپے مارے۔اس دوران 1553مقامات پر خلاف ورزی پائی گئی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے موقع پر ہی 28لاکھ 86ہزار 450روپے جرمانہ عائد کیا۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ یکم اپریل 2020ء سے 6مئی 2020ء تک ضلع بھر میں اس سلسلہ میں 1324انسپکشن کی گئیں۔ اس دوران چینی، آٹا، دالیں، چاول اور گندم کے ذخیرہ کئے گئے 68ہزار 670تھیلے قبضہ میں لئے گئے۔صوبائی سیکرٹری انرجی کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر اداروں کی جانب سے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے کئے گئے اقدامات اور متاثرہ افراد کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف کو اس مرض سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے گندم خریداری مہم کے اہداف کے حصول کے لئے کی گئی کاوشوں پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھیں تاکہ صارفین ریلیف حاصل کر سکیں۔ انہوں نے انسداد ڈینگی اور ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حافظ محمد شفیق، فوکل پرسن کورونا وائرس اور انسداد ڈینگی مہم ڈاکٹر راؤ ذاکر، محکمہ خوراک اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔

صوبائی سیکرٹری انرجی کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے ڈپٹی کمشنر شوزب سعید کے ہمراہ کورونا پازیٹیو مریضوں کے لئے سول ہسپتال کے قریب قائم کئے گئے فیلڈ ہسپتال کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ فیلڈ ہسپتال میں کوروناوائرس کے مریض کے علاج معالجہ کے لئے تمام طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور یہ ہسپتال 100بستر پر مشتمل ہے۔انہوں نے کورونا فیلڈ ہسپتال کے مختلف شعبوں، وارڈز، ایم ایس آفس، استقبالیہ اور سکریننگ ایریا کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق فیلڈ ہسپتال میں وارڈز تین رنگوں سبز، پیلا اور لال رنگ کے ہیں۔ فیلڈ ہسپتال میں خواتین اور مرد کورونا مریضوں کے لئے علیحدہ علیحدہ وارڈز قائم کئے گئے ہیں۔ صوبائی سیکرٹری نے فیلڈ ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں صوبائی سیکرٹری انرجی ثاقب ظفر ڈپٹی کمشنر شوزب سعید کے ہمراہ گندم خریداری مرکز بنی شیل گئے جہاں انہوں نے گندم خریداری کے امور اور گندم کے کاشتکاروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ گندم خریداری مرکز بنی شیل میں گندم خریداری کا ہدف 13ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے اور اب تک 11ہزار 471میٹرک ٹن گندم خریدی جا چکی ہے۔ مرکز گندم خریداری میں کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر سوشل ڈسٹنس قائم کیا گیا ہے۔ صوبائی سیکرٹری نے گندم خریداری مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بریفنگ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -