سعودی عرب میں پاکستانی سکولوں کی جانب سے فیسوں میں کمی کا اعلان

سعودی عرب میں پاکستانی سکولوں کی جانب سے فیسوں میں کمی کا اعلان
سعودی عرب میں پاکستانی سکولوں کی جانب سے فیسوں میں کمی کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (محمد اکرم اسد / وقار نسیم وامق) کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ملازمت پیشہ افراد کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، سعودی عرب میں پاکستانی اسکولز جن میں طلباء و طالبات کی تعداد چالیس ہزار کے لگ بھگ ہے، اکثر اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کا تعلق ان متوسط اور غریب گھرانوں سے ہے جو اس وقت کرفیو کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں اور ان کے ذرائع آمدن محدود ہوچکے ہیں، اس وجہ سے والدین فیسیوں کی ادائیگی نہیں کرسکتے.

گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان کے سمندر پار پاکستانیوں کے مشیر زلفی بخاری نے پاکستانی کمیونٹی کی اپیل پر سعودی عرب میں سفیرِ پاکستان اور قونصل جنرل کو ہدایت کی تھی کہ فیسوں کے سلسلے میں کوئی لائحہ عمل بنائیں، واضح رہے کہ سعودی عرب میں سفیرِ پاکستان، پاکستانی اسکولوں کے سرپرستِ اعلیٰ ہیں اور انکی ہدایت پر سعودی عرب میں پاکستانی اسکولوں کی انتظامیہ نے فیسوں میں کمی کا اعلان کیا ہے.

سعودی عرب میں دو قسم کے پاکستانی اسکولز ہیں، ایک انگریزی سیکشن ، دوسرا حرف عام میں اردو سیکشن کہلاتا ہے، انگریزی سیکشن کی فیسیں بہت زیادہ جبکہ اردو سیکشن کی کم ہیں، کورونا وائرس کی بناء پر جدہ کے عزیزیہ اسکول کی انتظامی کمیٹی کے فیصلے کے تحت ہر کلاس کے طلباء و طالبات کی ٹیوشن فیس میں 35 فیصد دوماہ (مئی، جون 2020 ء)کمی کی گئی ہے، سکول کے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ والدین کی مشکلات میں اسکول انتظامیہ انکے ساتھ ہے، لیکن یہ رعائت ان طلباء کو حاصل نہیں ہوگی، جن کے ذمے پہلے ہی اسکول کے 3000 ریال یا اس سے زائد یا تین ماہ کی فیسیں بقایا ہیں یا ان طلباء کو رعائت نہیں ہوگی جو پہلے ہی اسکول سے فیسوں میں مراعات لے رہے ہیں.

پاکستان انٹرنیشنل سکول ریاض انگریزی سیکشن نے دوماہ کی فیسوں پر 50 فیصد رعائت دی ہے جسے ریاض میں پاکستانی کمیونٹی نے سراہا ہے جبکہ پاکستانی اسکول انگریزی سیکشن جدہ نے تاحال کسی رعائت کا اعلان نہیں کیا، اسکول نے والدین سے درخواستیں طلب کی ہیں جنہیں آج کی صورتحال میں اپنے آجروں سے مالی مشکلات کا سامنا ہے، طائف میں پاکستانی اسکول کی فیسوں میں دو ماہ کیلئے 35 فیصد رعائت کی توقع ہے.

ریاض میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ نے اعلان کیا ہے کہ جو والدیں تین ماہ کی فیس یکمشت ادا کرینگے انہیں 10 فیصد رعائت دی جائے گی، نیز ناصریہ اسکول نے ان بچوں کو جنہوں نے فیسیں ادا نہیں کی ہیں انہیں آن لائن تعلیم سے آف لائن کردیا ہے۔

الخبر میں پاکستانی اسکول جہاں تین ہزار سے زائد بچے زیرِ تعلیم ہیں انہوں نے اسکول کی مالی مشکلات کی وجہ سے فیسوں میں کسی بھی رعائت کا اعلان نہیں کیا، معتبر ذرائع نے بتایا ہے کہ الخبر میں پاکستانی اسکول کی فیس پہلے ہی سعودی عرب میں کسی بھی تعلیمی ادارے میں سب سے کم ہے.

مندرجہ بالا پاکستانی اسکولوں کی جانب سے فیسوں کی رعائت پر پاکستانی کمیونٹی نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔