تماشائیوں کے بغیر ٹی 20 ورلڈکپ کا انعقاد کیسا ہو گا؟ معین خان بھی میدان میں آ گئے

تماشائیوں کے بغیر ٹی 20 ورلڈکپ کا انعقاد کیسا ہو گا؟ معین خان بھی میدان میں آ ...
تماشائیوں کے بغیر ٹی 20 ورلڈکپ کا انعقاد کیسا ہو گا؟ معین خان بھی میدان میں آ گئے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کے بغیر ٹی 20 ورلڈکپ کا انعقاد بے مقصد ہوگا اور اگر تماشائی نہیں ہوں گے تو ورلڈکپ بھی نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں معین خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وباءسے پوری دنیا متاثر ہے اور پاکستان بھی اس کورونا کا شکار ہے، ان حالات سے نکلنے، معاملات دوبارہ پہلے جیسے ہونے اور میدان دوبارہ آباد ہونے میں وقت ضرور لگے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ ہوا تو اس میں تماشائی بھی ہوں گے، ورنہ ورلڈکپ نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال آسٹریلیا میں ہونیوالے ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے اور منتظمین اس کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں تاہم معین خان کا کہنا ہے کہ بغیر تماشائیوں کے ورلڈکپ کروانا کوئی آپشن نہیں ہونا چاہیے۔

سابق وکٹ کیپر بیٹسمین نے مزید کہا کہ جب تک چیزیں بحال نہیں ہوتیں، پلیئرز کیلئے ضروری ہے کہ وہ خود کو فٹ رکھنے کیلئے اقدامات کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ رہنے کیلئے ضروری ہے کہ کھلاڑی بنیادی ورزش کرتے رہیں، اس کیلئے کوئی بڑی جگہ درکار نہیں، کوئی بھی فٹ رہنے کی بنیادی ایکسرسائز اپنے کمرے میں رہ کر بھی کرسکتا ہے۔

معین خان کا کہنا تھا کہ اس وقت کا بھرپور فائدہ اٹھانا اس لئے بھی ضروری ہے کہ جب بھی کرکٹ بحال ہو، پلیئرز مقابلوں کیلئے تیار ہوں۔ پی سی بی کی جانب سے پلیئرز کی آن لائن ٹریننگ کے پروگرامز قابل تعریف ہیں جن سے کھلاڑیوں کو خود کو تیار رکھنے میں کافی مدد ملے گی۔

مزید :

کھیل -