وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لاک ڈاﺅن ختم کرنے کے اعلان پر شہزاد رائے نے اُنہیں نشانہ بنا ڈالا، شرمندہ کردیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کی طرف سے لاک ڈاﺅن کا لگ بھگ خاتمہ کیا جا چکا ہے حالانکہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد تیزی سے اوپر جا رہی ہے لہٰذا شہریوں کی بڑی تعداد اس حکومتی فیصلے کوکڑی تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ تنقید کرنے والوں میں معروف گلوکار شہزاد رائے بھی شامل ہیں جنہوں نے وزیراعظم عمران خان کی ٹرولنگ کرتے ہوئے ایسا فقرہ کسا کہ انہیں شرمندہ کر دیا۔ویب سائٹ مینگوباز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ان کے عمال کی طرف سے بار بار ایس او پیز کا ذکر کیا جا رہا تھا کہ لاک ڈاﺅن ختم ہونے کے بعد ان پر عمل کروایا جائے گا۔
شہزاد رائے نے اسی کو نشانہ بناتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ کراچی کے گندگی سے اٹے ایک نالے کے قریب کھڑے ہوتے ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ”انشاءاللہ ہماری قوم ایس او پیز پر سختی سے عمل کرے گی اور ماشاءاللہ کراچی بہت صاف ستھرا شہر ہے۔“دیگرانٹرنیٹ صارفین بھی شہزاد رائے کی اس پوسٹ پر دل کا غبار نکال رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ”پٹرول کا ٹینکر لیک ہو جانے پر منہ میں سگریٹ اور ہاتھ میں بالٹی لے کر حاضر ہونے والی قوم سے احتیاط کی امید رکھنا فضول ہے۔“