صلوٰۃ التسبیح ادا کرنے کا آسان طریقہ

May 09, 2021 | 06:35 PM

شب قدر میں عمومی طور پر مساجد میں صلوٰۃ التسبیح کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے ۔ صلوٰۃ التسبیح دو طریقوں سے ادا کی جاتی ہے۔ اس نماز میں " سُبْحَانَ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلَّہِ وَلَا إِلَہَ إِلَّا اللہُ وَاللہُ أَکْبَرُ " کی تسبیح کو 300 بار پڑھنا ہوتا ہے ۔ ذیل میں بیان کیے جانے والے دونوں طریقوں سے یہ مقصد حاصل ہوجاتا ہے۔

پہلا طریقہ

چار رکعت کی نیت باندھ کر ثنا اعوذ باللہ بسم اللہ اور قرأت کے بعد رکوع سے پہلے پندرہ مرتبہ سُبْحَانَ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلَّہِ وَلَا إِلَہَ إِلَّا اللہُ وَاللہُ أَکْبَرُ پڑھ کر رکوع کرے اور رکوع میں تین مرتبہ سبحان ربی العظیم کہنے کے بعد پھر یہی تسبیح دس مرتبہ پڑھے۔

پھر رکوع سے اٹھے اور سمع اللہ حمدہ اور ربنا لک الحمد کے بعد قومہ میں دس بار پڑھے پھر سجدہ میں جاکر سبحان ربی الاعلی تین بار پڑھنے کے بعد دس مرتبہ وہی تسبیح پڑھے پھر سجدہ سے اٹھ کر دس بار وہی تسبیح پڑھے پھر سجدہٴ ثانیہ میں اسی طرح دس مرتبہ پڑھے۔ پھر سجدہ سے سراٹھاکر اللہ اکبر کہہ کر بیٹھے اور دس مرتبہ پڑھ کر بغیر اللہ اکبر کہے دوسری رکعت کے لیے کھڑا ہوجائے، تو اس طرح ایک رکعت میں 75 مرتبہ ہوگئے۔

 اسی طرح دوسری رکعت پڑھ کر جب التحیات کے لیے بیٹھے، تو اولاً دس مرتبہ پڑھے پھر التحیات پڑھے اسی طرح چاروں رکعتیں پوری کرلیں، یہ کل 300 مرتبہ ہوجائے گی۔

دوسرا اور نسبتاً آسان طریقہ

نیت باندھ کر ثنا کے بعد پندرہ مرتبہ یہ تسبیح پڑھے، پھر اعوذ باللہ اور بسم اللہ اور قرأت کے بعد رکوع سے پہلے دس مرتبہ، پھر رکوع میں دس مرتبہ، پھر رکوع سے کھڑے ہوکر دس مرتبہ، پھر سجدہ میں دس مرتبہ پھر سجدہ سے اٹھ کر دس مرتبہ پھر سجدہٴ ثانیہ میں دس مرتبہ پڑھ کر بغیر بیٹھے اللہ اکبر کہہ کر کھڑا ہوجائے تو ایک رکعت میں 75 بار تسبیح ہوجائے گی۔ اسی طریقے پر باقی تینوں رکعتیں بھی پوری کریں تو تسبیح کی تعداد 300 مکمل ہوجائے گی۔

مزیدخبریں