سپیکر کے سامنے استعفوں کی تصدیق کیلئے پیش ہوئے تو کتنے درجن ارکان انکار کرسکتے ہیں؟ پی ٹی آئی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہو کر استعفوں کی تصدیق نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپیکر کے سامنے پیش ہو کر استعفوں کی تصدیق نہیں کی جائے گی، انہیں ایسے ہی استعفوں کو قبول کرنا ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ارکان کو فرداً فرداً سپیکر کے سامنے پیش ہو کر استعفوں کی تصدیق کا کہا گیا تو دو درجن سے زائد ارکان اس سے انکار کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے عمران خان کو رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بعض ارکان استعفوں کی تصدیق کیلئے سپیکر کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔