پہلا سیٹلائٹ مشن ’آئی کیوب قمر‘ کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن' آئی کیوب قمر' کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوگیا، مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے مدار میں گردش کریگا۔ تر جما ن سپارکو کے مطابق خلا میں بھیجا گیا پاکستانی آئی کیوب قمر چاند کے مدار میں داخل ہوگیا، سیٹلائٹ آئی کیوب قمر 16 مئی کو پہلی تصویر زمین پر بھیجے گا۔ترجمان نے بتایا آئی کیوب قمر پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1:14 بجے چاند کے مدار میں داخل ہوا، سیٹلائٹ چاند پر تعیناتی کے بعد ڈیزائن کردہ تیکنیک کے عین مطابق کام کر رہا ہے۔ترجمان سپارکو کے مطا بق آئی کیوب قمر کا امیجنگ پے لوڈ مکمل طور پر فعال ہے، اگلے 2 دن تک سیٹلائٹ کی مدد سے چاند کے مدار کے اندر مکمل جانچ کی جائیگی۔ترجمان نے بتایا آئی کیوب قمر کے کنٹرولرز، سب سسٹمز اور پروٹو کولز کی مدار میں ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، یہ مشن چاند کے مدار میں پہنچنے کے بعد 5 سے 6 دن تک تجرباتی مراحل میں رہیگا۔ترجمان کے مطابق ٹیسٹ اور آ لا ت کے آپریشنل ہونے کے بعد 16 مئی تک چاند کی پہلی تصویر موصول ہوگی۔یاد رہے آئی کیوب قمرکوچینی مشن چینگ6 کیساتھ 3مئی کو ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے خلامیں بھیجا گیا تھا۔
آئی کیوب قمر