صنعت کی ضروریات کے مطابق کورسز، نصاب تشکیل دیا جائے، لاہور چیمبر
لاہور(سٹی رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ ہنر مند انسانی وسائل کی کمی صنعتی شعبے کو درپیش سب سے بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔ پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کو صنعت کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت تیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، ایم ڈی پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل محبوب احمد، لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران محمد توقیر ملک اور جبار خالد بھی اس موقع پر موجود تھے۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ موجودہ معاشی منظر نامے نے ہنر مند افرادی قوت کی اہمیت کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لیبر ہنر مند نہیں ہے جس سے ان کے لیے روزگار کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔کاشف انور نے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل پر زور دیا کہ وہ ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کے لیے صنعتی طلب پر مبنی پروگرام متعارف کروائے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پہلے ہی مختلف تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں اور انہوں نے لاہور چیمبر سے پوچھا ہے کہ ایسے پروگرام کیسے تشکیل دئیے جائیں جو انڈسٹری کی ضروریات کو پورا کر سکیں۔
لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر کے 40 ہزار سے زائد ممبران ہیں اور انہیں ون ونڈو سمارٹ سروسز کے ذریعے سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دونوں اداروں کے درمیان رابطے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ایم ڈی پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل محبوب احمد نے کہا کہ پی وی ٹی سی تمام بنیادی سکلز فراہم کر رہا ہے جو بقا کے لیے بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صنعت کے لیے مطلوبہ لیبر فورس دستیاب نہیں ہے۔جبکہ بے روزگاری کی شرح بھی بہت زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ہمارا اثاثہ ہیں اور پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ ضرورت یہ ہے کہ ہم ان کی سمت کا تعین کریں۔
لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے نشاندہی کی کہ ایس ایم ڈی لائٹس، موبائل اسمبلنگ، گرے اور بلیو پاٹری، ہاتھ سے بنی ہوئی اشیاء_، روایتی اشیاء، دستکاری اور ہاتھ سے بنے قالین جیسے شعبوں پر تربیتی کورسز متعارف کرائے جانے چاہئیں کیونکہ انہیں صنعتوں کو ہنر مند انسانی وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔کاشف انور نے بتایا کہ ایسے بہت سے آرٹس ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ معدوم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دستکاری پر مبنی آرٹس کو فروغ دینے پر زور دیا جن کی بین الاقوامی سطح پر بہت زیادہ مانگ ہے۔ایم ڈی پی وی ٹی سی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو پی وی ٹی سی کی اس شعبے کے ساتھ رابطہ قائم کرنے میں مدد کرنی چاہیے۔بعد ازاں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور اور ایم ڈی پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل محبوب احمد نے ایم او یو پر دستخط کیے۔