پہلے وہ معافی مانگیں پھر نو مئی والے بھی مانگ لیں گے، محمود اچکزئی
اسلام آباد(آئی این پی) اپوزیشن اتحاد تحفظ آئین پاکستان اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ مارشل لا لگانے والے پہلے معافی مانگ لیں پھر میں نو مئی والوں سے بھی کہہ دوں گا تو وہ بھی معافی مانگ لیں گے۔اسلام آباد میں منعقدہ تحفظ آئین پاکستان کیسے اور کیوں؟ کے عنوان سے سیمینار میں محمود خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر آئینی اقدامات کے خلاف جہاد شروع کردیا ہے اور اب ایک ایسے جہاد کا آغاز کیا جس کے بغیر حقیقی آزادی ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ادارے اپنی متعین کردہ حدود میں نہیں رہیں گے اس وقت تک مسائل حل نہیں ہوں گے، اب ہمیں جرات کر کے اصلاحات کرنی ہوں گی۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کل ایک پریس کا کانفرنس ہوئی اور کہا گیا کہ ہمیں اپنی حدود کا پتہ ہے، ہر ڈپٹی کمشنر، الیکشن کمیشن کے دفتر میں آپ کا بندہ کیا کررہا ہے؟ یہ غیر آئینی ہے اس مداخلت کے خلاف اٹھنا جہاد ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا ملک میں صرف نو مئی پہلا برا کام ہوا؟ ملک میں مارشل لا لگائے گئے ان لوگوں کو کیا سزا دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے ڈکٹیٹرز کو پارلیمنٹ سے تحفظ دیا گیا، مارشل لا لگانے والے پہلے معافی مانگ لیں۔محمود خان اچکزئی نے متنبہ کیا کہ جس دن ائین کو چھیڑنے، مارشل لگانے کی کوشش کی گئی ہمارے کارکن سڑکوں پر ہوں گے۔
محمود اچکزئی