سولہویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سو لھویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2024 کی میڈیا بریف 7 مئی 2024 کو پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس، کراچی میں منعقد ہوئی۔ اس چیمپئن شپ کاانعقاد 8 سے 12 مئی 2024 تک پی این آر کے جے کے اسکواش کمپلیکس میں کیا جا رہا ہے۔ اس چیمپئن شپ میں کل 23 میچ کھیلے جائیں گے۔ اس سال 20,000 امریکی ڈالر انعامی رقم کے طور پر مختص کیے گئے ہیں اور اسے مردوں کے لیے پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے)چیلنجر سیریز کا عنوان دیا گیا ہے۔ اس چیمپئن شپ میں عالمی رینکنگ کے حامل 19 انٹرنیشنل اور 05 پاکستانی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں مصر، ہانگ کانگ، ملائیشیا، جمہوریہ چیک، جاپان، جرمنی، انگلینڈ، ہالینڈ سمیت 08 مختلف ممالک سے انٹرنیشنل رینکنگ کے حامل کھلاڑی شامل ہوں گے۔ مذکورہ بالا کے علاوہ پی ایس اے ویمن سیٹلائٹ سیریز کی 04 کیٹیگریز، بوائز انڈر 15، بوائز انڈر 13، گرلز انڈر 15 کو بھی اس سال ایونٹ میں شامل کیا گیا ہے اور ہر کیٹیگری میں 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن، لندن یوکے کے ساتھ رجسٹرڈ ہے۔ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب 8 مئی 2024 کو منعقد کی جائے گی۔