کراچی میں زیرحراست ملزم کے قتل کیس میں نامزد سابق ایس پی کلفٹن منظر عام پر آگئے
کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے درخشاں تھانے میں زیرحراست ملزم کے قتل کیس میں نامزد سابق ایس پی کلفٹن نیئرالحق منظر عام پر آگئے۔
جیو نیوز کے مطابق سابق ایس پی کلفٹن نیئر الحق نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے 14 روز کی حفاظتی ضمانت حاصل کرلی۔ نیئر الحق نے حفاظتی ضمانت حاصل کرکے سندھ پولیس کوآگاہ کردیا، سندھ پولیس کی جانب سے ملزم کو جلد تحقیقات میں شامل ہوکر بیان ریکارڈ کرانےکی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی کے درخشاں تھانےمیں 15 اپریل کو پولیس تشدد سےزیرحراست ملزم معیز کی ہلاکت کاواقعہ سامنے آیا تھا۔ کراچی پولیس چیف کی تحقیقات میں سابق ایس پی نیئر الحق کو قتل میں براہ راست ملوث قرار دیا گیا تھا، قتل کا مقدمہ درج ہونے کے بعد سے ایس پی نیئر الحق مفرور تھے۔