خزانے کو 4 ارب روپے نقصان ، مریم نواز نے کارروائی کا فیصلہ کرلیا
لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سابق دور میں خزانے کو 4 ارب روپے نقصان پہنچانے پر قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق مریم نواز نے ہیلتھ ریفارمز سے متعلقہ خصوصی اجلاس میں سابق دور حکومت میں شعبے پر توجہ نہ دینے پر افسوس کا اظہار کیا۔دوران اجلاس انہوں نے مری اسپتال پراجیکٹ میں قومی خزانے کو 4 ارب روپےکا نقصان پہنچانے پر برہمی کا اظہا رکیااورذمے داران کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں عوام کو صحت کی سہولیات پہنچانے میں رکاوٹ ڈالنا انتہائی تکلیف دہ اور افسوس ناک ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ عوام کے روپے پیسے کی حفاظت ہمارا فرض ہے، نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتے، ہر ڈسٹرکٹ میں عوام کےلیے اسٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ فیسلیٹی بنانا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر اٹک، لیہ، میانوالی، وہاڑی، بھکر اور جہلم میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے میڈیکل کالج کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔مریم نواز نے دوران اجلاس 2500 بی ایچ یو اور 300 آر ایچ سی کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی جلد تکمیل کا حکم دیا اور مری میں نئے اسپتال کے قیام کےلیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے جہلم، اٹک، میانوالی، مری ، ساہیوال، سیالکوٹ میں انجیو گرافی مشین مہیا کرنے کی ہدایت کی۔