ممبئی (آئی این پی) بھارتی فلم ساز امتیاز علی نے اداکار شاہد کپور اور اداکارہ کرینہ کپور کے فلم جب وی میٹ کی شوٹنگ کے دوران بریک اپ پر لب کشائی کردی۔اپنے ایک تازہ انٹرویو کے دوران امیتاز علی کا کہنا تھا کہ ان دونوں کے الگ ہونے کے ذاتی انتشار کا فلم کی شوٹنگ پر کوئی اثر نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم جب وی میٹ دونوں اسٹارز کی کامیاب فلموں میں سے ایک ثابت ہوئی تھی، فلم کی ہدایتکاری امتیاز علی نے کی تھی۔ کرینہ کپور اور شاہد کپور نے کئی عرصے تک ریلیشن شپ میں رہنے کے بعد 2006 میں فلم جب وی میٹ کی شوٹنگ کے دوران اپنی راہیں جدا کرلی تھیں۔ ایک انٹرویو کے دوران فلم کے ڈائریکٹر امتیاز علی نے شاہد کپور اور کرینہ کپور کے پیشہ ورانہ انداز کو سراہا۔
امتیاز علی کا کہنا تھا کہ فلم کی زیادہ تر شوٹنگ کے دوران تو وہ ریلیشن شپ میں ہی تھے لیکن فلم کی شوٹنگ کے اختتامی لمحات میں انکا بریک اپ ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بریک اپ کے اعلان کے دو روز بعد ہی دونوں اسٹارز پھر سے سیٹ پر آگئے اور دونوں کی اداکاری پر اس کا کوئی اثر نہیں تھا۔