پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر پاور اویس احمد لغاری کی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے کے موقع پر سعودی وزیر برائے توانائی پرنس عبدالعزیز بن سلمان آل سعود سے ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت توانائی کے اعلامیے کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں وفاقی وزیر کی سعودی وزیر توانائی سے ہونے والی ملاقات میں سعودی نائب وزیر برائے بجلی ناصر القحطانی، سعودی ڈپٹی منسٹر برائے پالیسی و سٹرٹیجک پلاننگ نائف الموسھل بھی شریک ہوئے۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر نے پاکستان کے توانائی سیکٹر پر تفصیلی بریفنگ دی جس کے بعد اتفاق کیا گیا کہ دونوں ملک بجلی کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے اور مشترکہ حکمت عملی مرتب کرکے پاکستان کے پاور سیکٹر میں بہتری لائی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب کے توانائی کے ماہرین نے بھی اپنے انرجی سیکٹر پر بریفنگ دی، دونوں وزرا نے ایک دوسرے کے ممالک کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ اقتصادی ترقی کا عمل تیزی سے جاری رہ سکے۔فریقین نے توانائی کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے تکنیکی ماہرین اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے تبادلے کے امکانات پر بھی تبالہ خیال کیا۔پاکستانی وفد میں سیکرٹری پاور اور چیئرمین نیپرا سمیت پاور سیکٹر کے مختلف شعبوں کے سربراہان شامل تھے۔