این سی اے نے رقم کیوں منجمد کی؟جسٹس طارق محمود جہانگیری کا 190ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کے دوران استفسار
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی 190ملین پاؤنڈزریفرنس میں ضمانت کی درخواست پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ این سی اے نے وہ رقم کیوں منجمد کی؟نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ این سی اے نے رقم مشکوک ہونے کی وجہ سے منجمد کی،این سی اے نے وہ رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی 190ملین پاؤنڈزریفرنس میں ضمانت کی درخواست کیخلاف دلائل دیتے ہوئے نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے کہاکہ ایسٹ ریکوری یونٹ کا دفتر وزیراعظم سیکرٹریٹ میں بنایا گیا،ایسٹ ریکوری یونٹ کی طرف سے نیشنل کرائم ایجنسی خط لکھا گیا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ ایسٹ ریکوری یونٹ کی تشکیل کو قاضی فائز عیسیٰ کیس میں دیکھا جا چکا ہے،سردار لطیف کھوسہ نے کہاکہ حسن نواز کا یہ بھی بتا دیں کہ وہ کس کے بیٹے ہیں،نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے جواب دیا کہ وہ سب کو معلوم ہے ،حسن نواز سے متعلق برطانیہ میں اس پراپرٹی پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ ایسٹ ریکوری یونٹ وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دیا گیا،ہم اس ادارے کی قانونی حیثیت پر سوال نہیں اٹھا رہے بس سمجھنا چاہ رہے ہیں،پراسیکیوٹر نے کہاکہ زمین آ جانے کے بعد ایک میٹنگ میں القادر ٹرسٹ رجسٹر کرانے کی مشاورت ہوئی،وفاقی کابینہ سے بند لفافے میں خفیہ ڈیڈ کی منظوری لی گئی،خفیہ ڈیڈ وفاقی کابینہ کی طرف سے شہزاداکبر نے نیشنل کرائم ایجنسی کے ساتھ کی،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ این سی اے نے وہ رقم کیوں منجمد کی؟نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ این سی اے نے رقم مشکوک ہونے کی وجہ سے منجمد کی،این سی اے نے وہ رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی، جسٹس طارق جہانگیری نے استفسار کیا کہ کیا برطانیہ میں رقم منجمد ہونے کے آرڈر کی تصدیق شدہ کاپی ہے؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا نہیں ، اس آرڈر کی کاپی نہیں لیکن جو دستاویز ہے اس میں تمام واقعات موجود ہیں،جسٹس طارق جہانگیری نے کہاکہ کیا برطانیہ میں رقم غیرمنجمد ہونے کے فیصلے کی بھی کاپی ہے؟پراسیکیوٹر امجد پرویز نے کہاکہ نہیں ،اس آرڈر کی کاپی بھی ہمارے پاس نہیں ہے،عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت 13مئی تک ملتوی کردی۔