پنجاب حکومت نے تشدد کی شکار خواتین کیلیے مخصوص ہیلپ لائن نمبر متعارف کروانےکا فیصلہ کر لیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پولیس کی معاونت سے خواتین کے تحفظ اور بحالی کے لیے اہم اجلاس ہوا۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے اجلاس کی قیادت کی۔ اے آئی جی پنجاب شہزادہ سلطان، سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب اقبال حسین نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ارشاد وحید اور محکمہ کی ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسرز بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں پولیس ڈیپارٹمنٹ کے باہم اشتراک سے پنجاب پروٹیکشن آف ویمن اگینسٹ وائلنس ایکٹ 2016 پر عمل درآمد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر سوشل ویلفئیر سہیل شوکت بٹ نے اس حوالے سے بہترین حکمت عملی تشکیل دینے پر زور دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے ویمن پروٹیکشن آفیسرز کی ٹریننگ کروائیں گے۔تشدد کی شکار خواتین کے لیے مخصوص ہیلپ لائن نمبر متعارف کروانے جا رہے ہیں۔تحصیل لیول پر ویمن پروٹیکشن سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبہ کے تمام ویمن پولیس سٹیشنز ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور محکمہ کی ویمن پروٹیکشن آفیسرز کے ساتھ مل کر خواتین کے تحفظ اور بحالی کے لیے کام کریں گے۔ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز خواتین کو بااختیار اور محفوظ بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ ان کی قیادت میں پنجاب کی خواتین کو ہر طرح کے تشدد سے نجات دلوائیں گے۔