ماضی میں اہم ترین عہدے پر تعینات رہنے والی شخصیت کی اڈیالہ جیل آمد،عمران خان سے ملاقات
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)اڈیالہ جیل میں سابق صدر عارف علوی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
آج نیوز کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی اور عامر ڈوگر بھی شریک تھے، اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ہونیوالی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
جیل کے باہر میڈیا گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان قربانیاں دینے کو تیار ہیں، میں نے بانی پی ٹی آئی سے ہدایات لی ہیں، سابق وزیراعظم کی اب بھی 80 فیصد تک مقبولیت ہے۔ایک سوال کے جواب میں عارف علوی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بھی کچھ لوگ ملوث ہوسکتے ہیں لیکن پوری پارٹی کرش کی گئی، میں نے کل بھی کہا معافی مظلوم کو نہیں ظالم کو مانگنی چاہیئے، یہ کہنا کہ 70 فیصد لوگ غلط ہیں چند لوگ صحیح ہیں یہ کہاں کی منطق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں جو مینڈیٹ چھینا گیا اس کے ثبوت موجود ہیں، فارم 47 کی پیداوار حکومت کے ساتھ کیا بات کریں، جمہوریت کی نئی منطق پیش کی جارہی ہے، 70 فیصد لوگوں کے مینڈیٹ والوں سے بات کرنا پڑے گی۔