لاہور ایئر پورٹ آتشزدگی، امیگریشن سسٹم تاحال بحال نہ ہوسکا،رات دس بجے تک ایئر پورٹ بند رکھنے کا نوٹم جاری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور ایئرپورٹ کے امیگریشن سسٹم میں تاحال بہتری نہیں آسکی۔ سول ایوی ایشن حکم کے مطابق ایئر پورٹ بندش کا دورانیہ بڑھادیا گیا ہے۔ رات دس بجے تک ایئر پورٹ بند رکھنے کا نوٹم جاری کردیا گیا۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر آج (جمعرات کی) صبح امیگریشن سسٹم کی سیلنگ میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگی تھی۔ اس کے نتیجے میں امیگریشن سسٹم غیر فعال ہوگیا تھا۔ کئی پروازیں متاثر ہوئی تھیں جن میں لاہور سے پہلی حج پرواز بھی شامل تھی۔ یہ پرواز بعد میں روانہ کی گئی۔ آگ پر بروقت قابو پالیا گیا تھا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا تھا کہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر آتشزدگی پر قابو تو پالیا گیا ہے تاہم حج اور دیگر بین الاقوامی پروازوں کو ڈومیسٹک سائیڈ سے ڈیل کیا جارہا ہے۔لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرآتشزدگی کے واقعے کے بعد سول ایوی ایشن نے مسافروں کے لئے احکامات جاری کر دیئے۔
ترجمان کے مطابق آتشزدگی واقعہ کے باعث فلائٹ آپریشن، بالخصوص بین الاقوامی فلائٹ آپریشن متاثر ہے، خلل کے باعث پروازوں میں تاخیر، منسوخی یا ری شیڈولنگ ہو سکتی ہے، مسافر ایئر پورٹ روانگی سے پہلے اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سول ایویشن فلائٹ آپریشنز کی جلد از جلد بحالی کیلئے تندہی سے کام کر رہی ہے، مسافروں کی حفاظت اور بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی لینڈنگ میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا تاہم لینڈنگ کے بعد ان پروازوں کے مسافروں کو کلیئرنس میں تاخیر کا سامنا ہوا۔سی اے اے نے بتایا تھا کہ ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن بھی جلد بحال کردیا جائے گا۔ آنے والی پروازوں کی منیوئل امیگریشن کی جارہی ہے۔ آتشزدگی سے پہلی حج پرواز سمیت 6 بین الاقوامی پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔ قطر ایئر ویز اور سیال ایئر کی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔سول ایوی ایشن نے بتایا تھا کہ عازمین حج کے لئے بنائے گئے خصوصی امیگریشن ایریا میں صبح سوا پانچ بجے شارٹ سرکٹ ہوا جس سے دھواں بھر گیا۔
سی اے اے کے ترجمان نے بتایا تھا کہ لاہور ایئر پورٹ پر اترنے والی پروازوں کی مینول امیگریشن کی جارہی ہے۔ اس وقت اندرونِ ملک اور کارگو پروازیں جاری ہیں۔