فوج میں تقسیم پیدا کرنیوالوں کو کٹہرے میں لائیں گے، وزیراعظم کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کےخلاف بغاوت اور افواج میں تقسیم کرنے والوں کو ہر صورت کٹہرے میں لائیں گے
9 مئی سے متعلق ہونیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شہدا کے اہل خانہ کےغم میں برابر کےشریک ہیں، ایسا سیاہ دن پاکستان کی تاریخ میں دوبارہ نہیں آئے گا، عہد کرتے ہیں آپ کے دلوں کو دوبارہ یہ ٹھیس قیامت تک نہیں لگنے دیں گے، قانون اپنا راستہ اپنائے گا اور انصاف کے مطابق فیصلے ہوں گے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ شہدا کے ورثا کے درمیان ہونا باعث فخر ہے، شہدا نے وطن کی خاطرسرحدوں پرراتوں کوپہرے دیئے، جانیں قربان کیں، قوم آج کے دن شہدا اور غازیوں کو یاد کررہی ہے، آپ کی عظمت کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، شہدا کے ورثاء نے حوصلے اور ہمت سے اپنے پیاروں کی داستانیں بیان کیں۔