سوشل میڈیا پر مرغی کے گوشت  کے بارے میں منفی پراپیگنڈے پر پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ راولپنڈی اور اعلیٰ عہدیداران کا مؤقف آ گیا

May 09, 2024 | 07:16 PM

 راولپنڈی  (ڈیلی پاکستان آن لائن) سوشل میڈیا پر مرغی کے گوشت  کے بارے میں منفی پراپیگنڈے پر  پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ راولپنڈی اور اعلیٰ عہدیداران کا مؤقف آ گیا ۔"ڈیلی پاکستان آن لائن " کے مطابق پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ راولپنڈی میں میڈیا ٹاک کا انعقاد کیا گیا  جس میں سیکرٹری لائیوسٹاک مسعود انور، ڈائریکٹر جنرل ریسرچ لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر سجاد حسین،  چیئر مین برائیلر فامر ایسوسی ایشن نوید اعوان، نیوٹریشن ایکسپرٹ ڈاکٹر نوید جدون، خالد نعیم خواجہ، ڈایریکٹر پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ راولپنڈی ڈاکٹر محمد سرفراز احمد چٹھہ، ڈایریکٹر ایکسٹنشن راولپنڈی ڈاکٹر نوید سحر نے شرکت کی اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کی تردید کی۔ 
 سیکرٹری  لائیو سٹاک مسعود انور نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مرغی اور مرغی کے گوشت  کے بارے میں ایک منفی پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے یہ افواہ کہ مرغی کا گوشت صحت کے لیے فائدہ مند نہیں ہے سراسر غلط ہے، برائلر کا گوشت پروٹین کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔ برائلر گوشت کی پیداوار میں کسی قسم کی بھی غلط چیز کا استعمال نہیں ہوتا اور برائلر کی خوراک حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق تیار کی جاتی ہے۔

ڈی جی ریسرچ لائیوسٹاک پنجاب ڈاکٹر سجاد کشفی نے کیا کہ برائلر کا گوشت اور انڈے صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں خاص طور پر یہ بچوں کی نشوونما میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پاکستان پولٹری انڈسٹری ملکی معیشت کا ایک اہم حصہ ہے جو کہ اس جھوٹے پراپیگنڈے کی وجہ سے نقصان کا شکار ہو رہی ہے برائلر گوشت کے بارے میں جھوٹی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

 ڈاکٹر نوید سحر ڈائریکٹر ایکسٹنشن راولپنڈی نے کہا کہ برائلر گوشت اور انڈوں کا بھرپور استعمال کریں تاکہ غذائیت سے بھرپور اور صحت مند زندگی گزار سکیں۔ ڈایریکٹر پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ راولپنڈی ڈاکٹر سرفراز چٹھہ نے کہا کہ مرغی کی عمومی بیماریاں انسانوں میں منتقل نہیں ہوتیں اور محکمہ لائیو سٹاک کی 6 لیبارٹریز مکمل طور پر فنکشنل ہیں اور کسی بھی بیماری کی تشخیص کے کیے مکمل طور پر مسلح ہیں اور ڈاکٹرز علاج کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

مزیدخبریں