محکمہ لیبر و انسانی وسائل آئندہ سال انٹرنیشنل لیبر کانفرنس منعقد کریگا،راجہ اشفاق سرور

محکمہ لیبر و انسانی وسائل آئندہ سال انٹرنیشنل لیبر کانفرنس منعقد کریگا،راجہ ...

لاہور( سپیشل رپورٹر) محکمہ لیبر و انسانی وسائل حکومت پنجاب انٹر نیشنل لیبر آرگنائزیشن (ILO) کے تعاون سے اگلے سال مارچ کے وسط میں لاہور میں انٹر نیشنل لیبر کانفرنس منعقد کرے گا۔جس میں جنوبی ایشیائی ممالک سمیت دنیا بھر سے لیبر اور ایمپلائز آرگنائزیشنز کے نمائندے ، ماہرین ، این جی اوز اور غیر ملکی مندوبین شرکت کریں گی ۔یہ بات صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے سوشل سیکورٹی ہیڈ آفس میں اس بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے بلائے گئے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی -اراکین صوبائی اسمبلی سائرہ افتخار ، حنا پرویز بٹ، سیکرٹری لیبر کیپٹن (ر) محمد یوسف ، کمشنر سوشل سیکورٹی فرحان عزیز خواجہ ، وائس کمشنر شاہد عاول ، ڈائریکٹر لیبر ہیڈ کوارٹر سید حسنات جاوید کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے -اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ لاہور میں انٹر نیشنل لیبر کانفرنس کے انعقاد کا مقصد جنوبی ایشیائی ممالک سمیت دنیا بھر میں کام کرنے والے پاکستانی مزدوروں کے مسائل سامنے لانا، بین الاقوامی قواعد و ضوابط اور قوانین کے مطابق مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں انٹر نیشنل لیبر سٹینڈرڈز کا اطلاق اور تمام ممالک میں اس حوالے سے حاصل ہونے والی کامیابیوں، اقدامات اور تجربات کا ایک دوسرے سے تبادلہ ہے - صوبائی وزیر نے کہا کہ اس حوالے سے سارک چیمبرز آف کامرس ، آئی ایل او ردیگر ڈونرز ایجنسیوں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا -صوبائی وزیر نے اس حوالے سے مختلف محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کر تے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی کانفرنس ایک بہت بڑا ایونٹ ہو گا جس کو کامیاب بنانے کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے جس کے لئے ایک علیحدہ سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا اور اس سلسلے میں وفاقی وزارت محنت کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز اس حوالے سے تمام ضروری پہلو¶ں کو مد نظر رکھیں اور ٹھوس تجاویز پیش کریں-اجلاس کو بتایا گیا کہ اس کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے اگلی میٹنگ آئندہ 10 روز میں منعقد کی جائے گی -

مزید : میٹروپولیٹن 1