خواتین کی فلاح وبہبود اور مسائل کے حل کیلئے علیحدہ محکمہ قائم کیاجائے گا، حمیدہ وحید الدین

خواتین کی فلاح وبہبود اور مسائل کے حل کیلئے علیحدہ محکمہ قائم کیاجائے گا، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( لیڈی رپورٹر)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے خواتین کی فلاح وبہبود اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے ایک علیحدہ محکمہ کا قیام عمل میں لایاجس کے ذریعے خواتین کے مسائل کو حل کیا جائے گا تاکہ وہ بھی مردوں کے شانہ بشانہ ملک کی تعمیر وترقی میں حصہ لیں سکیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ حمیدہ وحیدالدین نے یہاں مقامی گرلز کالج میں منعقدہ”سیمینار برائے پنجاب ویمن ایمپاورمنٹ پیکج“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کو ہر شعبہ میں مردوں کے مساوی حقوق دینے کے لئے کوشاں ہے تاکہ خواتین کو معاشی اور معاشرتی طور پر بااختیار بنایا جائے اورانہیں بھی فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کیا جائے۔ انہوں نے سیمینار کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت خواتین کی فلاح وبہبود کے لئے جو پیکج بنایا ہے اس میں وراثتی قانون میں ترامیم،سٹمپ ڈیوٹی کا خاتمہ، حقوق جائیداد،کام کرنے کی جگہ پر ہراساں کرنے سے تحفظ کا قانون،صوبائی محتسب کا تقرر،ڈے کیئر سنٹر،ورکنگ ہاسٹلرز کا قیام ، حکومتی سطح پر ملازمت اور معاشی خود مختاری اور دیگر فلاحی پیکج شامل ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے جہلم میں خواتین ہوسٹل کے قیام کے لئے 71 لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کا کہا کہ حکومت پنجاب کا اگلا قدم یہ ہے کہ تمام اضلاع میں اور پھر تحصیل کی سطح پر بھی ورکنگ ویمن ہوسٹل کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیا ہے۔ قبل ازیں ڈی سی او جہلم مرزا محمود الحسن اور ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ محمد معین اختر نے بھی خطاب کرتے ہوئے خواتین کی فلاح وبہبود اور تعمیر وترقی پر روشنی ڈالی۔